سرکاری سکیم کے تحت پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ مکمل

پاکستان حج مشن کی طرف سے عازمین کے لیے کیے گئے انتظامات کی نگرانی کے لیے وفاقی وزیر چوہدری سالک بھی مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت پری حج فلائٹ آپریشن پیر کو کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اسلام آباد سے آنے والی سعودی ایئر کی پرواز نمبر 3727 کے ذریعے 380 عازمین کرام کے ساتھ جدہ ایئر پورٹ لینڈ کر گئی ہے۔‘

رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کریں گے جن میں سے 70 ہزار 105 سرکاری عازمین حج اور 80 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین شامل ہوں گے۔

ترجمان عمر بٹ نے بتایا کہ نجی حج سکیم کے ذریعے پاکستان سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ’اگلے دو روز میں مزید 20 ہزار پرائیویٹ عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ سعودی مکاتب کی جانب سے منیٰ اور عرفات میں عازمین حج کے پانچ روزہ قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

’عازمینِ حج کی وادی منیٰ کے لیے روانگی کا آغاز 13 اور 14 جون کی درمیانی شب کو ہو گا اور پاکستان حج مشن نے وادی منیٰ میں عازمین حج کی سہولت کے لیے کیمپ آفس قائم کر دیا ہے۔‘

عمر بٹ نے بتایا کہ کیمپ آفس میں شعبہ معلومات و رہنمائی، شکایات، امراض و اموات قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ مکہ مکرمہ میں منعقدہ حج سمپوزیم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ذوالفقار حیدر حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کریں گے۔

شدید گرمی میں حجاج کے لیے انتظامات

سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق حجاج کے لیے گرمی سے خطرات سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت کھلی جگہوں پر ہوا کو ٹھنڈا کرنے اور حجاج کے ہجوم کی صورت میں گرمی کو کم کرنے کے لیے مسٹ (پانی کا چھڑکاؤ کرنے والے) پنکھے نصب کرنے کے علاوہ دیگر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے علاوہ پانی اور چھتریوں کی مسلسل تقسیم بھی جاری ہے جبکہ آمدورفت کے لیے ایئرکنڈیشنڈ ذرائع بھی بڑھائے گئے ہیں تاکہ حاجیوں کو آرام دہ آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت صحت کی طرف سے تیار کردہ گرمی سے متعلق بیماریوں کے انتظام کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل جاری ہے جبکہ ممکنہ بیماریوں سے متعلق حجاج کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی گئی اور حج کے دوران مفت صحت کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنایا گیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے اس سال حج کے سیزن کے دوران مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مقدس مقامات پر نقل و حمل کی نگرانی کا ایک خودکار نظام بھی وضح کیا ہے جس کا مقصد حج کے لیے محفوظ نقل و حمل کو یقینی بنانا اور نگرانی کے عمل میں متعلقہ حکام کی مدد کرنا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی سنٹرل بینک نے حجاج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد اضافی خدمات متعارف کرائی ہیں جس سے لین دین کو عمل کو آسان بنایا گیا ہے۔

نئی بینکنگ سہولیات کے تحت حجاج مملکت میں رہتے ہوئے ادائیگی کرنے اور نقد رقم نکالنے کے لیے اپنے بین الاقوامی سطح پر جاری کردہ بینک کارڈ استعمال کر سکتے ہیں۔

ان اقدامات کے تحت نہ صرف بینک کی اضافی شاخیں کھولی گئی بلکہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بھی مملکت بھر میں 36 برانچیں کام کریں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا