کراچی: موٹر سائیکل چوری کرنے والے دادا، 10 سالہ پوتے کا گروہ گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق بین الصوبائی لفٹر گروہ سے ہے، جس میں گرفتار 10 سالہ ملزم موٹرسائیکل چوری کرتا تھا۔

26 جون 2024 کی اس تصویر میں کراچی میں گاہک ایک مارکیٹ میں موٹر سائیکل خریدتے ہوئے (اے ایف پی/ عارف حسن)

کراچی کے علاقے عباس گوٹھ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب پولیس نے چھاپہ مار کر ایک 60 سالہ شہری کو اپنے پوتے کو موٹر سائیکل چور بنانے کے الزام میں بدھ کو گرفتار کر لیا۔

دادا اور پوتا کس طرح موٹر سائیکل چوری کی واردات انجام دیتے تھے پولیس نے اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو کو تفصیلات بتا دیں۔

ایس ایچ او ویسٹ محمد امین نے بتایا کہ موٹر سائیکل چوری کے حوالے سے عباس ٹاؤن سے بلال نامی لڑکے نے شکایت درج کروائی۔

’کچھ ہی دنوں میں عباس ٹاؤن سے سی سی ٹی فوٹیج سامنے آئی جس نے سب کو حیران کر دیا۔ فوٹیج میں دس سالہ بچہ انتہائی مہارت کے ساتھ موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے دکھائی دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’پھر پولیس نے بچے کو کچھ وقت لگا کر بہلایا پھسلایا جس کے بعد بچے نے ایک اور حیران کر دینے والی بات بتائی کہ موٹر سائیکل چوری کرنے کی تربیت دادا نے دی۔‘

ایس ایچ او کے بقول لڑکے نے بتایا: ’ہم دادا پوتے مل کر بے شمار موٹر سائیکلیں چوری کر چکے ہیں۔‘

ایس ایچ او نے بتایا کہ ’کچھ دن بچے کی حرکات پر نظر رکھتے ہوئے منگل کی رات کو 60 سالہ سیف اللہ (دادا) کو گرفتار کر لیا گیا۔ اور اس گروہ میں صرف دادا پوتے ہی نہیں بلکہ یہ چھ رکنی گینگ تھا، جس میں ایک خاتون اور چار مرد اور دس سالہ بچہ شامل تھے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزمان کا تعلق بین الصوبائی لفٹر گروہ سے ہے، گرفتار 10 سالہ ملزم موٹرسائیکل چوری کرتا، جبکہ ملزمان حماد، مزمل اور رفیق چوری شدہ موٹرسائیکلوں کو سٹور کرتے اور کھولتے تھے۔‘

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک ملزم مکینک ہے جو کہ پرانی موٹرسائیکل کو کھولتا اور ساتھی ملزمان انہیں فروخت کرتے ہیں۔ گرفتار خاتون ملزمہ زینب اور ملزم محمد انس نئی چوری شدہ موٹرسائیکلز کو حب بلوچستان لےکر جاتے اور فروخت کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے 14 موٹرسائیکلز، سات کٹے ہوئے چیسس، نو انجن اور دیگر پارٹس برآمد ہوئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان