آئی ٹی: ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مل کر کام کے لیے پرعزم‘

کراچی میں جاری آئی ٹی سی ایکسپو میں دنیا بھر سے 750 کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام ایکسپو اور کانفرنس (آئی ٹی سی این ایشیا) کا 25ویں ایڈیشن جاری ہے۔

اس تین روزہ ایکسپو میں عالمی برانڈز جیسے گوگل، ٹک ٹاک، مائیکروسافٹ، اوڈو، ہواوے، پی ٹی سی ایل اور ایزی پیسہ سمیت 750 کمپنیاں شریک ہیں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت سماجی و معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور نالج بیسڈ اکانومی کو فروغ دے کر معاشی ترقی بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ایکو سسٹم مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ٹی سی این ایشیا کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے بتایا کہ ’ایس آئی ایف سی پاکستان کی معیشت کی بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے مثالی کردار ادا کر رہی ہے جس کے ثمرات آئی ٹی سیکٹر کو بھی مل رہے ہیں۔

’ہر سال آئی ٹی سی این ایشیا تمام سٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں سے لے کر عالمی اور مقامی تکنیکی اداروں، پیشہ ور افراد اور مفکرین تک جدت، اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔‘

خورشید نظام نے توقع ظاہر کی کہ آئی ٹی سی این ایشیا سے سرمایہ کاری اور کاروبار میں 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی آمدنی ہوگی جو پاکستان کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

خورشید نظام کے مطابق: ’سعودی عرب چاہتا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پاکستان کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں پر کام کرے کیونکہ سعودی نیشنل کے پاس سرمایہ ہے لگانے کے لیے جبکہ ہمارے پاس کم اجرت پر کام کرنےبوالے ملازمین ہیں۔

’انہی مشترکہ منصوبوں کے تحت سعودی عرب پاکستان میں اور اپنے ملک میں کاروبار کو فروغ دینا چاہتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر اپنی برآمدات میں مسلسل اضافے اور مختلف ممالک میں مقامی کمپنیوں کی توسیع کے ساتھ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

’عالمی کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کو بڑھا رہی ہیں جس سے مقامی صنعتوں کی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہیں جبکہ  ایس آئی ایف سی نے آئی ٹی کی ترقی کا گذشتہ تین ادوار کا تسلسل جاری رکھا ہے۔‘

اس موقعے پر ایچ آر ویز کی سی ای او ردا شمیم نے کہا کہ ’خلیجی ممالک میں آئی ٹی کے شعبے میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ سافٹ ویئر کی سہولت فراہم کرکے ہم کسی بھی ادارے کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’سعودی عرب نے آئی ٹی سیکٹر پر خاصی توجہ دی اور اچھی سرمایہ کاری کی ہے جس کی وجہ سے ملازمتوں مواقع بھی مل رہے ہیں خاص طور پر مقامی لوگوں کو۔‘

ہیگزیلیزی کے سی ای او سید سعد علی نے کہا کہ ’پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن مواقع نہیں ملتے، سعودی عرب میں آئی ٹی کے شعبے میں کافی کام ہے۔

’پاکستانیوں کے لیے عربی سافٹ ویئر کی زبان سمجھنا آسان ہے اور اگر مزید توجہ دی جائے تو آنے والے دنوں میں اس صورت حال میں مزید بہتری ممکن ہے۔‘

ایکسپو کے منتظمین کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سی این ایشیا کے 25ویں ایڈیشن کے ساتھ ہونے والی کانفرنسز میں 700 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں، اس میں 300 سے زائد مقررین خطاب کریں گے جبکہ صنعت سے وابستہ 70 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔

ایونٹ میں سعودی عرب، چین، سنگاپور، آذربائیجان، بحرین، ایران، مصر، متحدہ عرب امارات وغیرہ سمیت 18 ممالک کے 270 غیرملکی مندوبین شامل ہیں۔ نمائش و کانفرنس 29اگست تک جاری رہے گی۔

تین روزہ نمائش کا مقصد آئی ٹی کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ پاکستان کو دنیا میں ٹیکنالوجی کا ابھرتا ہوا مرکز بنایا جاسکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی