محمد یوسف نے ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا

محمد یوسف نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’میں ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔‘

محمد یوسف نے بطور سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم 29 ستمبر 2024 کو مستعفی ہونے کا اعلان کیا (سکرین گریب/ پی سی بی/ یوٹیوب)

پاکستان کے سابق کرکٹر محمد یوسف نے اتوار کو کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

محمد یوسف نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’میں ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر رہا ہوں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’اس شاندار ٹیم کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نے پاکستان کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔‘

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے مزید کہا کہ ’مجھے اپنے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ اور جذبے پر بے پناہ اعتماد ہے، میں ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں کیونکہ وہ عظیم ٹیم بننے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی محمد یوسف کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’محمد یوسف نے قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر اپنی ذمہ داری سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔‘

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد یوسف پاکستان کرکٹ بورڈ میں دیگر اہم ذمہ داریوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستان میں گذشتہ کچھ عرصے سے بورڈ اور ٹیم میں عہدوں سے مستعفی ہونے یا عہدوں سے ہٹائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جن میں اب محمد یوسف کا اضافہ بھی ہو گیا ہے۔

رواں سال جولائی میں پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سلیکٹرز وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کر دیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اب محمد یوسف کا استعفیٰ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آئندہ ماہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹسیٹ سیریز کھیلنی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے اسی سکواڈ کو برقرار رکھا ہے، جو بنگلہ دیش کے ہاتھوں اپنی ہی سرزمین پر دو صفر سے شکست کھا چکا ہے۔

اس حوالے سے 28 ستمبر کو پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلسپی نے کہا تھا کہ وہ کھلاڑیوں کو ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کا موقع دینا چاہتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ انتظار نہیں کریں گے۔

جیسن گلسپی نے ہفتے کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ ’اگر کارکردگی طویل عرصے تک مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اتری تو ہم تبدیلیوں پر غور کر سکتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ