دریائی گھوڑے سے متاثر کرپٹوکرنسی کی قیمت میں 10 لاکھ فیصد اضافہ

موڈینگ نامی کرپٹو کرنسی کی قیمت میں اتنی تیزی سے اضافہ ہوا کہ ایک کرپٹو تاجر اپنی آٹھ سو ڈالر کی سرمایہ کاری کو 75 لاکھ ڈالر میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہے۔

15 ستمبر 2024 کو چونبری صوبے میں موڈینگ نامی دو ماہ کا دریائی گھوڑا جو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گیا (اے ایف پی/ لیلین سونرومپا)

وائرل ہونے والے دریائی گھوڑے سے متاثر ہو کر متعارف کروائی گئی غیرمعروف کرپٹو کرنسی بھی وائرل ہو گئی جس سے اس کی قیمت میں تقریباً 10 لاکھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

موڈینگ نامی کرپٹو کرنسی جس کا نام دو ماہ کے موڈینگ نامی پست قد دریائی گھوڑے کے نام پر رکھا گیا ہے، کی قیمت میں اتنی تیزی سے اضافہ ہوا کہ ایک کرپٹو تاجر اپنی آٹھ سو ڈالر کی سرمایہ کاری کو 75 لاکھ ڈالر میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہے۔

یہ نام نہاد میم کوائن اس وقت تخلیق کی گئی جب تھائی لینڈ کے کھاؤ کھیاؤ سفاری چڑیا نے ’چھلانگیں لگانے والے سؤر‘ کی تصاویر فیس بک پر پوسٹ کیں۔ بچہ دریائی گھوڑا آن لائن مشہور ہو گیا۔

کرنسی کی قیمت میں اضافہ جسے پہلی بار کرپٹو پبلیکیشن ڈِکرپٹ نے نوٹ کیا، اس وقت سامنے آیا جب سرمایہ کاروں نے ’میم سیزن‘ کے آغاز کا اعلان کیا۔ حالیہ دنوں میں کئی دیگرنام نہاد میم کوائنز نے بھی اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا ریکارڈ قائم کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاپ کیٹ، جو وائرل ہونے والی اوٹ میل نامی بلی سے متاثر ہو کر شروع کیا جانے والا کرپٹو پروجیکٹ ہے، نے پیر کو 1.45 ڈالر کی ریکارڈ بلند سطح کو چھو لیا، جب کہ سال کے آغاز میں اس کی قیمت ایک سینٹ سے بھی کم تھی۔ کچھ ٹریڈرز نے اس صورت حال کو ’میم کوائن سپر سائیکل‘ کا آغاز قرار دیا۔

ستمبر کے آخر میں اپنی قیمت کی بلندی پر پہنچنے کے بعد، مو ڈینگ کی قیمت میں کمی ہوئی، لیکن پیر کو ایک بار پھر قیمت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔

یہ تازہ ترین اضافہ اس وقت ہوا جب ایتھریئم کے شریک بانی وتالک بوتیرن نے 10 ارب مو ڈینگ ٹوکنز فروخت کیے، جن کی مالیت آٹھ لاکھ ڈالر سے زیادہ تھی۔ انہوں نے رقم کا ایک حصہ ہوا کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے خیراتی ادارے کو عطیہ کیا۔

جب کرپٹو کرنسی کے نئے منصوبے شروع ہوتے ہیں تو کرپٹو کے بانی کو اکثر میم کوائنز موصول ہوتے ہیں۔ وہ عام طور پر انہیں خیرات میں دے دیتے ہیں۔ مو ڈینگ کے خاص طور پر ذکر کے ساتھ، بوتیرن کے تازہ ترین عطیے کے بعد کرپٹو کرنسی کی قیمت 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں تقریباً چار سو فیصد تک بڑھ گئی۔

بوتیرن نے پیر کو ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’میں ان تمام میم کوائنز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو رقم کا حصہ براہِ راست خیرات میں دے دیتے ہیں۔

’جو کچھ بھی مجھے بھیجا جاتا ہے وہ بھی خیرات کر دیا جاتا ہے (شکریہ موڈینگ! آج کے 10 ارب ہوا کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کرنے والی ٹیکنالوجی کے لیے دیے جا رہے ہیں)۔ اگرچہ میں واقعی پسند کرتا ہوں کہ آپ لوگ خود براہِ راست خیرات میں دیں۔ شاید خود مختار تنظیم قائم کریں اور اپنی برادری کو فیصلے اور عمل میں براہ راست شامل کریں۔

’میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میم کوائنز کے لیے سب سے بہتر بات یہ ہے کہ وہ دنیا کے لیے زیادہ سے زیادہ مثبت ہوں۔ اس لیے ایسے لمحات دیکھ کر خوشی ہوتی ہے جب یہ حقیقت میں ایسا ہوتا ہے!‘

مجموعی کرپٹو مارکیٹ نسبتاً مستحکم ہے اور گذشتہ ماہ کے دوران اس کی مارکیٹ کیپ دو کھرب سے 2.25 کھرب ڈالر کے درمیان رہی۔ یہ ابھی تک 2021 میں حاصل کیے گئے تقریباً تین کھرب ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح سے کافی دور ہے۔

ڈوج کوائن، جو ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد بھی دنیا کی سب سے قیمتی میم کوائن بنی ہوئی ہے، بھی مستحکم رہی۔ اگست کے آغاز سے اس کی قیمت تقریباً 10 سینٹ آس پاس رہی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی