پاکستانی اور سعودی وزرائے داخلہ ملاقات: انسداد منشیات کے لیے تعاون پر گفتگو

پاکستانی اور سعودی رہنماؤں کی ملاقات کے دوران ’سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، خاص طور پر منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے شعبے میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

سعودی عرب کے وزیر داخلہ عبدالعزیز بن سعود نے پیر کو اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی تعاون بڑھانے اور منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے سے متعلق گفتگو ہوئی۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دارالحکومت ریاض میں سعودی وزارت داخلہ کے دفتر میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران ’سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، خاص طور پر منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے شعبے میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

ملاقات کے آغاز میں عبدالعزیز بن سعود نے سعودی عرب میں پاکستانی وزیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ملاقات شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق کی گئی تھی تاکہ سکیورٹی تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔

پاکستانی وزرات داخلہ کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’ہر پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ مذہبی عقیدت اور احترام کا رشتہ رکھتا ہے اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔‘

بیان کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’ہم سعودی عرب کی بالغ النظر قیادت اور اس کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

اس ملاقات میں سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر الداود، وزارت داخلہ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر خالد البتال، پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامي اور ڈرگ کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد القرني بھی موجود تھے۔

پاکستانی وفد میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفیٰ جمال قاضی اور وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری رفعت مختار راجہ شامل تھے۔
 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا