وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف نے ہاؤسنگ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے نجی شعبے سے اشتراک کرنے کی ہدایت اور متعلقہ حکام کو کم لاگت مکانات کی تعمیر کا جاری منصوبہ جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پیر کو اسلام آباد میں ہاؤسنگ وتعمیرات کی وزارت کے جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ منصوبوں میں تیسرے فریق کی توثیق کو یقینی بنایا جائے۔
شہبازشریف نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور عوام کے لیے تعمیراتی منصوبوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اچھی ساکھ رکھنے والی تعمیراتی کمپنیوں کا انتخاب کیا جائے۔
انہوں نے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
اجلاس کو پی ڈبلیو ڈی اور دوسرے غیر فعال اداروں کو تحلیل کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔
وزیراعظم نے پی ڈبلیو ڈی اور دوسرے غیر فعال اداروں کی تحلیل کے باعث بدعنوانی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو مکانات الاٹ کرنے کے لیے نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا خوش آئند اقدام ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر شہری کو سستی رہائش کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کے لیے عالمی معیار کے ہوٹل، ہسپتال اور دوسری سہولتیں تعمیر کی جائیں۔