انڈیا کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے والے پاکستانی چنگچی رکشہ ڈرائیور

ارشد سے پہلے یہ ریکارڈ انڈیا کے چن مے شرما کے پاس تھا، جنہوں نے 2021 میں ایک منٹ میں 334 آلٹرنیٹیو ایلبو سٹرائکس کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ ارشد محسود نے ایک منٹ میں 373 آلٹرنیٹیو ایلبو سٹرائکس کر کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوا لیا ہے۔

ارشد سے پہلے یہ ریکارڈ انڈیا کے چن مے شرما کے پاس تھا، جنہوں نے 2021 میں ایک منٹ میں 334 آلٹرنیٹیو ایلبو سٹرائکس کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

ارشد محسود نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا: ’12 سال پہلے میرے والد کا انتقال ہو گیا تھا، اس وقت میں اپنے گھر کا واحد کفیل ہوں اور چنگچی رکشہ چلا کر گزر بسر کرتا ہوں۔ دن میں رکشہ چلاتا ہوں جبکہ شام میں کلب جاتا ہوں کیونکہ مجھے مکسڈ مارشل آرٹس کا جنون کی حد تک شوق ہے۔‘

ارشد نے بتایا کہ وہ تین منٹ کے ایک اور مقابلے کے لیے بھی تیاری کر رہے ہیں جس کے لیے وہ عنقریب اپنی انٹری بھیجیں گے۔

ارشد کے مطابق وہ سو مرتبہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے مکسڈ مارشل آرٹس پلیئر عرفان محسود کے شاگرد ہیں اور انہی کے کلب میں پریکٹس کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ارشد نے بتایا کہ انہوں نے اس مقابلے کے لیے فروری 2024 میں اپنی انٹری بھیجی تھی اور اب ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر دیا گیا ہے۔

چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر کے ارشد نے آٹھ جماعتیں پڑھ رکھی ہیں۔

’سکول کی فیس دینا مشکل تھا، پھر بڑے بھائی کا ہاتھ خراب ہے، وہ کراچی نوکری ڈھونڈنے گئے لیکن کچھ نہیں ملا۔ وہ اپنے ہاتھ سے بھاری کام نہیں کر سکتے، اس لیے گھر کی ساری ذمہ داری مجھ پر آ گئی، اس لیے میں نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی لیکن اب پرائیویٹ طور پر نویں جماعت کا امتحان دینے کی نیت رکھتا ہوں۔‘

ارشد نے بتایا کہ انہیں اب تک سوائے اللہ کے کسی کا تعاون حاصل نہیں تھا، اور آگے بھی انہیں امید ہے کہ اللہ کا تعاون ان کے ساتھ رہے گا اور وہ اپنے اس جنون کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا