ففتھ جنریشن وارفیئر ایک چیلنج میں تبدیل ہو چکی ہے: صدر پاکستان

یوم پاکستان کی تقریب میں صدر پاکستان نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ اس موقعے پر وزیر اعظم پاکستان شہباز سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

یوم پاکستان 23 مارچ، 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی (پی آئی ڈی)

صدر آصف علی زرداری نے اتوار کو یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ففتھ جنریشن وارفیئر ایک چیلنج میں تبدیل ہو چکی ہے۔

یوم پاکستان کی تقریب اتوار کو ایوان صدر میں منعقد کی گئی جس میں صدر پاکستان نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ اس موقعے پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

یوم پاکستان پر دن کا آغاز اسلام آباد میں توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

وفاقی دارالحکومت میں پاکستان فضائیہ کے دستوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ دیگر مسلح افواج کے دستوں نے بھی پریڈ میں پرفارمنس دکھائی۔

اس موقعے پر صدر پاکستان نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ وہ ایک پرجوش قوم ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا ہمیشہ پاکستان پر بری نظر ڈالنے کی کوشش کرتا رہا ہے جبکہ خوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

’لیکن میں انہیں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ قوم اور مسلح افواج یکجا کھڑی ہیں اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گی۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو مایوسی اور ناامیدی سے بھی بچانا ہے۔‘

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی خارجہ پالیسی استحکام اور امن کو یقینی بنانے پر مبنی ہے اور ہم اپنے ہمسایوں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ باہمی احترام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف پر مبنی مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔‘

آصف علی زرداری نے یوم پاکستان پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے اور کسی بیرونی مداخلت کے بغیر، فلسطینیوں کو اپنے مستقبل اور خودمختاری کے فیصلے کا حق دیا جائے۔

اس موقعے پر انہوں نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ’پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان