0 seconds of 2 minutes, 1 secondVolume 90%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
02:01
02:01
 

سندھ کے مختلف اضلاع ہیٹ ویو کی لپیٹ میں، کراچی کے لیے پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت سندھ کے اندرونی اضلاع جیسے جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، سکھر، خیرپور اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور سندھ کے وسطی اور بالائی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔

سندھ کے مختلف اضلاع ہیٹ ویو کی لپیٹ میں

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت سندھ کے اندرونی اضلاع جیسے جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، سکھر، خیرپور اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیئس سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب ہے۔

اسی حوالے سے ماہر موسمیات انجم ضیغم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ’صوبے کے بیشتر میدانی حصوں کا 18 اپریل تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔ ان میں دادو، شہید بے نظیر آباد، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع شامل ہیں، جہاں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے چھ سے آٹھ ڈگری سیلسیئس زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور حیدرآباد میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سیلسیئس زیادہ رہنے کی توقع ہے۔‘

کراچی میں موسم کی صورت حال

شہر قائد میں فی الحال سمندری ہوائیں چل رہی ہیں جو گرمی کی شدت کو کسی حد تک کم کرتی ہیں، تاہم ہوا میں نمی کی مقدار 60 سے 70 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں اس ہفتے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیئس تک جا سکتا ہے، لیکن مرطوب موسم کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔ ہوا کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مطلع صاف ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق: ’کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، حیدرآباد اور جامشورو کےاضلاع میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سمندری ہوا کے بحال رہنے سے موسم کی سختی کا احساس کم ہو جاتا ہے جبکہ شام کے اوقات میں موسم معتدل ہے۔‘

کراچی میں 21 اپریل سے ہیٹ ویو کا امکان، محکمہ موسمیات

مزید پڑھیے

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ ’کراچی میں 21 اپریل سے ہیٹ ویو کے شروع ہونے کا امکان ہے اور توقع ہے کہ پارہ 40 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔ اسی حوالے سے متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری بھی جاری کی جائے گی جس میں صحت مراکز اور شہری انتظامیہ کو الرٹ کیا جائے گا۔‘

شہری انتظامیہ کی تیاریاں

حالیہ صورت حال کے پیش نظر شہر بھر میں مختلف مقامات پر ہیٹ سٹروک کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو پانی، چھاؤں، ابتدائی طبی امداد اور آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اپریل سے جون کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ معمول کی بات ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر

طبی ماہرین اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر 11 بجے سے شام چار بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ہلکے رنگ کے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، پانی زیادہ سے زیادہ پیئں اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کریں۔

بزرگ اور بیمار افراد اور بچے خاص طور پر احتیاط برتیں کیونکہ وہ ہیٹ سٹروک کا آسانی سے شکار ہو سکتے ہیں۔

جون 2015 میں کراچی میں آنے والی شدید ہیٹ ویو نے ایک ہزار سے زائد افراد کی جان لے لی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات