پاکستان کے محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر کے حوالے سے متنبہ کیا ہے اور جب یہ تحریر چھپے گی تو اس وقت یہ لہر آ چکی ہو گی۔
ایک طرف تو محکمے نے گرمی کی لہر یعنی ہیٹ ویو کے بارے میں بات کی ہے اور دوسری جانب کہا ہے کہ اس سال کی پہلی سہ ماہی میں بارشوں میں 41 فیصد کمی واقع ہوئی جس سے پنجاب اور سندھ بہت زیادہ متاثر ہوئے۔
فروری میں سب سے کم بارش ہوئی جس میں منفی آٹھ سے منفی 97 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
دنیا بھر کی طرح موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان بھی بچا نہیں ہوا بلکہ یہ ان 10 ممالک میں سے ایک ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
2023 میں بہار کا موسم نہیں آیا تو اس بار موسم سرما کا نہیں آیا۔ اس کے لیے تو ہمیں تیار رہنا ہی ہو گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت اوسط سے چھ سے آٹھ سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا اور وسط اور پنجاب بالا، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت اوسط سے چار سے چھ ڈگری زیادہ رہے گا۔
عالمی ادارے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ شدید موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی خرابی اور ہوا میں آلودگی سے پاکستان میں 2050 تک ملک کے جی ڈی پی میں 18 سے 20 فیصد کمی ہو سکتی ہے۔
یہ ایک بہت بڑا نمبر ہے جس سے ملک کی ترقی رک جائے گی۔ پاکستان میں گرمی کی شدت اور سیلاب اس بات کا واضح عندیہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو ترقیاتی پروگرام اور غربت میں کمی کرنے کی کوششوں میں مشکلات ہوں گی۔
موسمیاتی تبدیلی کے باعث آفات سے 1700 افراد جان گنوا بیٹھے جبکہ 80 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔ اس کے علاوہ ملک کو 30 ارب ڈالر کا انفراسٹرکچر، فصلوں اور مویشیوں کے کھونے سے معاشی نقصان ہوا۔
پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ترقیاتی پروگرام اور پالیسیاں بنانی ہوں گی۔
پاکستان میں تمام ویٹ لینڈز یعنی پانی کے ذخائر کو موسمی تبدیلی، سیلاب یا خشک سالی، پانی کی طلب میں اضافے اور بدانتظامی کے باعث کم یا بےقاعدہ پانی کی صورت حال کا سامنا ہے۔
اب تک گلیشیئروں کا پانی جھیلوں اور دریاؤں کو سیر کر رہا تھا لیکن موسمی تبدیلی کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھلنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث ایک طرف سیلاب آتے ہیں اور دوسری جانب گلیشیئروں میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
مختصراً موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان میں مجموعی طور پر پانی میں کمی واقع ہو گی۔
موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب اور خشک سالی میں اضافہ اور اس کے ساتھ گرمی میں اضافے سے خوراک کی فراہمی میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ ہو گا جس سے جنوبی اور جنوب مشرق ایشیا میں غذاتی قلت میں اضافہ ہو گا۔
گرمی میں اضافے سے ایشیائی ممالک میں توانائی کی طلب بڑھے گی۔ ایشیا میں 13 ممالک ایسے ہیں جہاں توانائی کا استعمال بہت زیادہ ہے اور ان 13 ممالک میں سے 11 ایسے ہیں جہاں توانائی کا عدم تحفظ اور صنعتی نظام کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے رونما ہونے والی مسائل اور ان کے اثرات کے حوالے سے نیشنل اڈاپٹیشن پلان مرتب کیا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کا اثر ہر ایک پر ایک جیسا نہیں ہو گا بلکہ یہ انفرادی فرد کو اور طریقے سے، کاروبار کو مختلف، کمیونٹی کو مختلف اور تنظیموں اور حکومتوں کو مختلف طریقے سے متاثر کرے گی۔
موسمی تبدیلی بوتل کے جن کی مانند ہے کہ ایک بار باہر آ گیا تو واپس بوتل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ دنیا میں تیزی سے تبدیلی رونما ہو رہی ہے اور موسمی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔
چند دہائیوں قبل جس دنیا میں ہم رہ رہے تھے اور اس وقت ہم اس سے کافی مختلف دنیا میں رہ رہے ہیں۔
موسمی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہونے میں سالوں لگ جاتے ہیں اور ایک بار جب یہ اثرات نمایاں ہونے شروع ہو جائیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ دیر ہو چکی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس وقت زیادہ نہیں۔ ہمارے پاس ٹیکنالوجی بھی ہے اور سائنس بھی۔ مسئلہ سائنس کے نہ ہونے کا نہیں بلکہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے قوت ارادی کی کمی ہے۔
پاکستان کے پاس آپشن ہے کہ آیا وہ اپنے وجود میں آنے کے سو سال بعد موسمی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے ماحول دوست اقدامات اٹھا کر معاشی کامیابی کی مثال بننا چاہتا ہے یا نہیں۔
ہمارا سیارہ 20 سال پہلے والا نہیں رہا اور موسمی تبدیلی کے باعث اس میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
آج کل کے شدید موسمی واقعات کو دیکھیں تو اس سے صاف ظاہر ہے کہ موسمی تبدیلی کے باعث دنیا میں تبدیلی آ رہی ہے اور اس کا اثر مستقبل میں کیا ہو گا۔
نوٹ: یہ تحریر لکھاری کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔