اسلام آباد میں دوبارہ ژالہ باری کا امکان، حفاظتی تدابیر زیربحث

محکمہ موسمیات کی تازہ پیشں گوئی میں بتایا گیا ہے کہ آج یعنی جمعے کی شام سے اتوار کی صبح تک پنجاب، خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

10 جولائی 2024 کو اسلام آباد میں مون سون کی شدید بارشوں کے درمیان مسافر سڑک پر گاڑی چلا رہے ہیں (عامر قریشی/ اے ایف پی)

محمد علی خان بدھ کو پشاور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تو ان کی گاڑی کی ڈگی میں اتفاقاً دو لحاف موجود تھے، جو شہر اقتدار میں اسی شام تیز بارش اور ژالہ باری میں ان کی قیمتی گاڑی کی بچت کا سبب بنے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں محمد علی خان نے بتایا: ’میں اپنے دفتر میں تھا جب ژالہ باری شروع ہوئی اور مجھے دوسری کوئی بات نہیں سوجھی۔ بس ڈگی کھولی اور لحاف نکال کر گاڑی پر ڈال دیے اور بچت ہو گئی۔‘

اسلام آباد میں بدھ کی شام ہونے والی ژالہ باری میں ایک اندازے کے مطابق ہزاروں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جب کہ مکانات کی چھتوں پر لگے شمسی پینلز بھی بڑی تعداد میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔

محمد علی خان جیسے کئی گاڑیوں کے مالکان اب اپنی سواریوں میں ایسی چیزیں رکھتے ہیں، جو اولے پڑنے کی صورت میں کار کو بچانے میں مددگار ثابت ہو سکیں۔ سوشل میڈیا پر بھی شمسی پینلز کو دیگر املاک کو بچانے کی تدابیر پر گرما گرم گفتگو ہو رہی ہے۔

گاڑی مالکان کی حفاظتی تدابیر کی وجہ محکمہ موسمیات کی تازہ قابل تشویش پیشں گوئی ہے، جس کے مطابق آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر شمالی حصوں میں شدید موسم متوقع ہے، جس میں تیز ہواؤں کے علاوہ ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشں گوئی میں بتایا گیا ہے کہ آج (یعنی جمعے کی) شام سے اتوار کی صبح تک پنجاب، خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محمکمہ موسمیات نے ورارننگ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تیز ہواؤوں، ژالہ باری اور گرج چمک سے بجلی کے کھمبوں، درختوں، گاڑیوں اور شمسی پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر مغربی ہواؤں کا نظام اثر انداز ہو رہا ہے، جو آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی/گرد آلود ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔

ماہرین تاہم کہہ رہے ہیں کہ اب زیادہ تشویش کی ضرورت نہیں۔ چیف میٹرولوجسٹ ظہیر احمد نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’موسم میں شدت کی جو لہر تھی وہ گزر چکی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیف میٹرولوجسٹ سے خاص طور پر اسلام آباد کے حوالے سے پوچھا گیا کہ کیا اس بار بھی گذشتہ دنوں والی ژالہ باری کی طرح ہوں گی تو ان کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد میں بارش اور تیز ہواؤں کی پش گوئی ہے لیکن اس دن کی طرح ژالہ باری کا امکان نہیں کیوں موسم میں اب وہ شدت نہیں رہی۔‘

ظہیر احمد نے بتایا کہ ’اپریل سے موسم میں تبدیلی شروع ہوتی ہے اور اس دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوتی ہے مگر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس میں شدت دیکھنے میں آ رہی ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آئندہ سالوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہو گا، اور یہ سیلاب، طوفان، ژالہ باری اور ہیٹ سٹروک کی صورت میں نظر آتا رہے گا۔‘

اسلام آباد میں ہونے والی ژالہ باری کے بعد لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں اور محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد آج کئی شہری دفاتر اپنی ذاتی گاڑیوں کی بجائے آن لائن ٹیکسی سروسز کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بعض اپنے ساتھ احتیاط کے طور پر کمبل بھی لائے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر نے 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل تک کے لیے شدید موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے دو دن تیز بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے، جو بنیادی ڈھانچے، آمدورفت اور زرعی سرگرمیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کے مطابق سیاحوں اور شہریوں کو چاہیے کہ سرکاری ذرائع سے موسم کی تازہ ترین صورت حال سے باخبر رہیں۔

مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر سے قبل سڑکوں کی صورت حال معلوم کریں اور شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں رہنے والے افراد خاص احتیاط برتیں اور مقامی ہدایات پر عمل کریں۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ شدید موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے جب کہ متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات