انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں پہلگام حملے کے متاثرین کے اہل خانہ کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایک بار پھر سازش کرنے والوں کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔
مودی نے کہا: ’آج جب میں اپنے من کی بات کر رہا ہوں تو دل میں ایک گہری تکلیف ہے۔ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے نے ملک کے ہر شہری کا دل توڑ دیا ہے۔‘
ان کے بقول: ’ہر انڈین متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی محسوس کرتا ہے۔ چاہے کوئی کسی بھی ریاست سے ہو، کوئی بھی زبان بولتا ہو، میں جانتا ہوں کہ ہر شہری حملے کی تصاویر دیکھ کر غصے سے بھرا ہوا ہے۔‘
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حملے کی ’سازش کرنے والوں اور حملہ کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔ انصاف ہو کر رہے گا۔‘
انہوں نے پہلگام حملے کو ’دہشت گردی کے سرپرستوں‘ کی مایوسی اور بزدلی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر کشمیر میں امن کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مودی نے کہا: ’جب کشمیر میں امن بحال ہو رہا تھا، سکول اور کالجوں میں چہل پہل بڑھ رہی تھی، تعمیراتی کام بے مثال رفتار سے آگے بڑھ رہا تھا، جمہوریت مضبوط ہو رہی تھی، سیاحوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ رہی تھی، لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا تھا اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے تھے تو ایسے وقت میں ملک اور جموں کشمیر کے دشمنوں کو یہ سب برداشت نہ ہوا۔ اسی لیے ایسی سازش رچی گئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دشمن چاہتے ہیں کہ کشمیر ایک بار پھر تباہ ہو جائے۔ وہ کشمیر کی ترقی کو برداشت نہیں کر سکتے۔‘
مودی نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قوم کی یکجہتی سب سے بڑی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا: ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کی یکجہتی، 140 کروڑ انڈین کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ یہی یکجہتی دہشت گردی کے خلاف ہماری فیصلہ کن لڑائی کی بنیاد ہے۔ ہمیں اس چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے اپنے عزم کو مضبوط کرنا ہوگا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے بقول: ’ہمیں ایک قوم کے طور پر اپنی مضبوط قوتِ ارادی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آج دنیا بھی دیکھ رہی ہے کہ اس دہشت گرد حملے کے بعد پورا ملک ایک آواز میں بول رہا ہے۔‘
انڈین وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ دہشت گرد حملے کے بعد دنیا بھر سے حمایت مل رہی ہے اور عالمی رہنماؤں نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا: ’دوستو، جو غصہ ہم انڈین میں ہے، وہی غصہ دنیا بھر میں بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔ اس حملے کے بعد دنیا بھر سے حمایت آ رہی ہیں۔ عالمی رہنماؤں نے مجھے فون کیے ہیں، خطوط لکھے ہیں، پیغامات بھیجے ہیں۔ ہر کسی نے اس گھناؤنے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔‘
وزیر اعظم مودی نے کہا: ’پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ میں 1.4 ارب انڈین کے ساتھ کھڑی ہے۔
’میں ایک بار پھر متاثرین کے اہل خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔ حملے کے سازش کرنے والوں اور مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔‘