کینیڈا کی پولیس نے اتوار کو بتایا کہ وینکوور شہر میں ایک ثقافتی فیسٹیول میں ایک شخص نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی جس کے بعد کم از کم نو افراد جان سے چلے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
وینکوور پولیس ڈپارٹمنٹ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ گاڑی رات آٹھ بج کر 14 منٹ پر گلی میں داخل ہوئی اور ہفتے کے روز منعقد ہونے والے ’لاپو لاپو ڈے فیسٹیول‘ میں شرکت کرنے والے لوگوں پر حملہ کیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے رپورٹ کیا کہ کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے تاہم فوری طور پر صحیح تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔
پولیس نے بتایا کہ وینکوور کے ایک 30 سالہ شخص کو جائے وقوع سے گرفتار کیا گیا ہے اور محکمے کا میجر کرائم سیکشن تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
محکمہ پولیس نے اتوار کی صبح پوسٹ کیا کہ ’اس وقت، ہمیں یقین ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی نہیں تھا۔‘
وینکوور کے عبوری پولیس چیف سٹیو رائے نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ایک شخص کو ابتدائی طور پر راہ گیروں کی جانب سے پکڑے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالے رنگ کی ہوڈی میں ایک نوجوان کے ساتھ ایک سیکورٹی گارڈ بھی ہے اور اس کے آس پاس موجود لوگ چیخ رہے ہیں۔
اس شخص کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’مجھے افسوس ہے۔‘
رائے نے ویڈیو پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا لیکن کہا کہ حراست میں لیا گیا شخص ’اکیلا مرد‘ تھا جو ’مخصوص حالات میں پولیس کو معلوم تھا۔‘
یہ میلہ جنوبی وینکوور کے ایک علاقے میں منعقد ہو رہا تھا۔
جائے وقوع سے لی گئی تصویروں میں کالے رنگ کی ایس یو وی دیکھا جا سکتا ہے، جس کے سامنے کے حصے کو نقصان پہنچا ہوا ہے۔
وینکوور کے ایک کاروباری شخصیت جیمز کروزٹ اس تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے سڑک پر لوگوں کو روتے دیکھا، باقی لوگ بھاگتے، چلاتے، یا چیخ رہے تھے، مدد مانگ رہے تھے۔ لہٰذا ہم نے وہاں جانے کی کوشش کی کہ اصل میں کیا ہو رہا ہے یہاں تک کہ ہمیں زمین پر کچھ لاشیں ملیں۔ باقی ایسے بے جان تھے، جیسے، زخمی۔‘
وینکوور کے میئر کینتھ سم نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ جب ممکن ہوا مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
سم نے کہا، ’آج کے لاپو لاپو ڈے کی تقریب میں ہونے والے ہولناک واقعے سے میں حیران اور شدید غم زدہ ہوں۔‘
کینیڈا کی قومی مردم شماری کرنے والی ایجنسی کے مطابق 2021 میں وینکوور میں 38,600 سے زیادہ فلپائینی باشندے تھے، جو کہ شہر کی کل آبادی کے تقریباً چھ فیصد کی نمائندگی کرتے ہیں۔