افغانستان سے دراندازی کرنے والے 54 عسکریت پسند مارے گئے: پاکستان فوج

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی سرحد سے دراندازی کرنے والے 54 عسکریت پسندوں کو مار دیا۔

27 جنوری، 2019 کو شمالی وزیرستان میں غلام خان ٹرمنل کے قریب پاکستان فوج کے اہلکار موجود ہیں (اے ایف پی)

پاکستان فوج نے اتور کو ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی سرحد سے دراندازی کرنے والے 54 عسکریت پسندوں کو مار دیا۔

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے آج ایک بیان میں کہا کہ 25 اور 26 اپریل اور 26 اور 27 اپریل کی درمیانی راتوں میں سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے جنرل ایریا حسن خیل میں پاکستان - افغانستان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے عسکریت پسندوں کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت شناخت کیا۔
 
بیان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے موثر کارروائی کرتے ہوئے اس دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جس کے نتیجے میں تمام 54 عسکریت پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسندوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ گروہ اپنے ’غیر ملکی آقاؤں‘ کے اشارے پر پاکستان کے اندر دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے دراندازی کر رہا تھا۔ 
 
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں عسکریت پسندوں کی یہ کارروائیاں، جب انڈیا پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، بخوبی ظاہر کرتی ہیں کہ یہ گروہ کس کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ اقدامات ریاست اور اس کے شہریوں کے خلاف کھلی غداری اور بغاوت کے مترادف ہیں۔‘

بیان کے مطابق حال ہی میں منعقد ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی (NSC) کے ایک اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہٹانا انڈیا کی سٹریٹجک حکمت عملی کا حصہ معلوم ہوتا ہے تاکہ عسکریت پسندوں کو سانس لینے کا موقع فراہم کیا جا سکے، جو ہماری مسلح افواج کے پے در پے حملوں سے شدید دباؤ میں ہیں۔

اس کارروائی کے حوالے سے آج وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’جب یہ پوری طرح سے پاکستان کی سرحد میں اندر آ گئے تو تین اطراف سے ہمارے جوانوں نے ان پر حملہ کیا کیونکہ ہم اپنی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پہلے ہی تیار تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں افغانستان سے دراندازی کرنے والے شدت پسندوں کو ایک ہی کارروائی میں مارا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس کچھ دنوں سے معلومات تھیں کہ ان کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے تھے کہ وہ جلد از جلد پاکستان میں گھسیں اور وہاں کوئی سرگرمی انجام دیں۔

محسن نقوی کے مطابق انڈیا جو قدم اٹھا رہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جا رہا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جاری آپریشن میں آج تک کبھی اتنی بڑی تعداد میں عسکریت پسند نہیں مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے لیے ایک ثبوت ہے کہ کیسے دہشت گردی کی پشت پناہی اور فنڈنگ کی جا رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان