مرضی کا فیصلہ لینے کا دباؤ، جج نے خود کو عدالت میں گولی مار لی

تھائی لینڈ کے جج نے خود کشی کی کوشش اُس وقت کی جب انہوں نے پانچ افراد کو عدم ثبوت کی بنا پر قتل اور آتشیں اسلحہ رکھنے کے مقدمے سے رہا کر دیا۔ ان پر سینیئر ججوں کی جانب سے ملزمان کو سزا سنانے کا دباؤ ڈالا جارہا تھا۔

خودکشی کی کوشش کرنے والے  جج سے منسوب ایک آن لائن بیان کے مطابق ان پر اعلیٰ ججوں کی جانب سے دباؤ تھا کہ وہ ان ملزمان کو سزا سنائیں۔ (فائل تصویر: اے ایف پی)

تھائی لینڈ کی عدالت میں ایک جج نے ملزمان کے خلاف ثبوت نہ ہونے کے باجود ان کو مجرم قرار دینے کے دباؤ پر خود کو بھری عدالت میں گولی مار لی۔

جنوبی صوبے یالا کے جج خناکورن پیانچنا نے خود کشی کی کوشش اُس وقت کی جب انہوں نے جمعے کے دن  پانچ افراد کو عدم ثبوت کی بنا پر قتل اور آتشیں اسلحہ رکھنے کے مقدمے سے رہا کر دیا۔

’دا بنکاک پوسٹ‘ کے مطابق جج کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ان کو آنے والے زخم جان لیوا نہیں ہیں۔

مذکورہ جج سے منسوب ایک آن لائن بیان کے مطابق ان پر اعلیٰ ججوں کی جانب سے دباؤ تھا کہ وہ ان ملزمان کو سزا سنائیں۔

اس مقدمے کے مطابق تین افراد کو موت جبکہ دو کو عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی تھی، تاہم بیان کے مطابق سزا کے لیے ثبوت کافی نہیں تھے۔

جج کے مبینہ بیان میں جنوبی تھائی لینڈ میں سکیورٹی کی ناقص صورت حال کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ 2004 سے اس علاقے میں علیحدگی پسند مسلمان گروہوں کی کارروائیوں اور فوجی آپریشنز میں چھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جج کے بیان کے مطابق مبینہ علیحدگی پسندوں سے زیرِ حراست لیے گئے بیان قابلِ اعتبار ثبوت نہیں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جج نے ماضی کے ایک واقعے کی جانب بھی اشارہ کیا جس میں انہیں تین فوجیوں کی سزا میں نرمی کرنے کا دباؤ برداشت کرنا پڑا تھا۔ یہ فوجی ایک شہری کے قتل میں ملوث تھے لیکن جج کو کہا گیا کہ ان فوجیوں کی سزا میں نرمی کی جائے کیونکہ وہ سرکاری کام سرانجام دے رہے تھے۔

بیان میں ججوں سے رکھے جانے والے ناروا سلوک پر بھی احتجاج کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ ججوں سے وقت سے زیادہ کام لیا جاتا ہے اور زیادہ پیسے کمانے کے لیے انہیں دوسری نوکری کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔

بیان میں جونیئر ججوں کے فیصلے جاری کرنے سے پہلے ان پر نظرثانی کے سینیئر ججوں کے اختیار کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

عدالت کے ترجمان نے تھائی لینڈ کے پبلک براڈ کاسٹر کو بتایا کہ جج نے دباؤ کے باعث خود کو گولی ماری۔

قانونی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے والے آزادانہ گروپ آئی لا کے ینگچیپ اچانونٹ نے جج کے لیے ’احترام‘ کے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا: ’ایک ایسے فرد کے طور پر جو عدالتی اصلاحات کا حامی ہے، میرا ہمیشہ سے یہ ماننا ہے کہ ایسے جج موجود ہیں جو نظام کے خلاف جانے کی ہمت کرتے ہیں، لیکن یہ نہیں جانتا تھا کہ وہ کہاں ہیں۔ آپ کا شکریہ کہ آپ نے ہمارے اس یقین کو پختہ کیا اور ہمیں امید دلائی۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا