اینٹی کرپشن کی عدالت سے غیر قانونی ٹھیکوں کے اجرا کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری ملنے کے دو دن بعد سندھ حکومت کے انسانی حقوق محکمہ کے صوبائی سیکریٹری بدر جمیل میندھرو ہفتے کی صبح کو گھر سے دفتر جاتے ہوئے ڈرائیور سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔
وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے انسانی حقوق ویرجی کولہی نے بدر جمیل کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ہفتے کی صبح کو وہ پولیو مہم کی افتتاح کے اپنے آبائی ضلع تھرپارکار جارہے تھے۔ راستے میں بدر جمیل کی اہلیہ نے فون پر انہیں اطلاع دی کہ بدر جمیل گھر سے دفتر کے لیے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئے ہیں اور بدر جمیل سمیت گاڑی کے ڈرائیور کے فون بھی بند جارہے ہیں۔‘
ایس ایس پی کراچی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق ’صوبائی سیکریٹری بدر جمیل میندھرو پی ای سی ایچ ایس کے رہائشی ہیں، جو ضلع شرقی میں واقع ہے۔ گمشدگی کے بعد ان کی آخری لوکیشن ضلع وسطی میں پائی گئی جس کے باعث شرقی اور وسطی پولیس کو ان کی گمشدگی کے بارے میں اطلاع کردی گئی ہے۔‘
بدر جمیل میندھرو بیسویں گریڈ کے افسر ہیں۔ وہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نیب نے ان پر اپنی آمدنی سے زائد کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا ایک ریفرنس بھی دائر کیا تھا نیز کراچی کی احتساب عدالت میں ان پر ایک اور مقدمہ بھی چل رہا تھا کہ انھوں نے ماضی میں سیکریٹری اقلیتی امور کے عہدے پر کام کرتے ہوئے غیرقانونی بھرتیاں کیں۔
قبل ازیں 2016 میں اینٹی کرپشن کی جانب سے غیر قانونی ٹھیکوں کے اجرا کے کیس میں اینٹی کرپشن کی نے بدر جمیل کو دو دن قبل ضمانت قبل از گرفتاری دی تھی اور عدالت نے انھیں 20 جنوری کو پیش ہونے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔ جس کے بعد وہ ہفتے کو لاپتہ ہوگئے۔
یہ خیال بھی کیا جارہا ہے کہ انھیں اینٹی کرپشن محکمے نے گرفتار کیا ہو مگر اس معاملے پر اینٹی کرپشن حکام نے ان کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ضمیر عباسی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا : ’بدرجمیل میندھرو کو اینٹی کرپشن نے گرفتار نہیں کیا۔ بدر جمیل پر کروڑوں روپے بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ چند روز قبل روشن شیخ، بدرجمیل میندھرو اور ظہیرعباس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ اس کیس کے فرنٹ مین ظہیر عباس نے گرفتاری کے بعد اہم انکشافات کیے۔ بدرجمیل میندھرو کو علم ہوگیا تھا کہ اب مزید مقدمات بھی تیار ہورہے ہیں۔‘