بھارتی ریاست کیرالہ میں دلہن نے اس وقت سب کو حیرت زدہ کر دیا جب اس نے اپنے ہونے والے خاوند سے مہر میں نقدی، جائیداد، قیمتی زیورات یا ساز و سامان کی بجائے ایک سو کتابیں مانگ لیں۔
دولہا دلہن نے یہ بات خود تک محدود رکھی تاہم ان کے کچھ دوستوں نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا جس کے بعد یہ وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق اعجاز حکیم اور اجنا نظام کا نکاح اکتوبر میں ہوا تھا، جس میں اجنا نے اعجاز سے ایک سو کتابوں کا مطالبہ کر ڈالا۔ اعجاز نے دلہن کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق کتابیں حاصل کرنے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم وہ شادی کی رات تک 97 کتابیں ہی اکٹھی کر پائے۔
البتہ اب ان کتابوں کی تعداد 99 ہو گئئ ہے اور سوویں کتاب، بھارت کا آئین، جلد ہی فراہم کر دی جائے گی جس کے بعد دلہن کی فرمائش مکمل ہو جائے گی۔
A woman from Kerala demanded 100 books as Mahar (dower given to the bride by the groom). Look at this lovely sight♥️
— Arya (@thecuriouself) January 21, 2020
You can trust Keralites to be different and embrace education and rationality.#Kerala pic.twitter.com/rWoztSmawb
بھارتی میڈیا کے مطابق ان کتابوں میں قرآن، بائبل اور گیتا کے علاوہ خالد حسینی اور موراکامی کے ناول شامل ہیں۔ ٹوئٹر پر گردش کرنے والی تصاویر میں سابق امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما کی آپ بیتی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
اس جوڑے نے اپنے بیڈروم میں ایک بڑا شیلف لگا دیا ہے جہاں یہ کتابیں رکھی گئی ہیں۔