فیس بک نے بلآخر ایک سال پہلے کیے وعدے پر عمل کرتے ہوئے صارفین کیلئے نیا پرائیوسی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
فیس بک کے سینئر آفسر ڈیوڈ ویھن نے سان فرانسسکو میں جاری ایک میڈیا اور ٹیلی کام کانفرنس میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ ’ کلیئر ہسٹری‘ ٹول کی تیاری جاری ہے۔
انہوں نے کوئی حتمی تاریخ دینے کے بجائے محض اتنا بتایا کہ یہ ٹول رواں سال کے آخر میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔
اس ٹول کی بدولت صارفین گوگل اور ایسی ہی دوسری ویب سائٹس کی طرح اب اپنا فیس بک ڈیٹا مکمل صاف کر سکیں گے۔
ڈیوڈ نے تسلیم کیا کہ نئے فیچر کی وجہ سے فیس بک کو صارفین کیلئے مخصوص اشتہارات دینے کی صلاحیت متاثر ہو گی۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نیا ٹول کس طرح کام کرے گا تاہم فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نےگزشتہ سال مئی میں ہونے والی F8 کانفرنس میں اس فیچر کا عندیہ دیا تھا۔
کانفرنس کے بعد زکر برگ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا تھا کہ’اب آپ اپنے ویب براوْزر میں با آسانی ذاتی ہسٹری صاف کر سکیں گے۔‘
واضح رہے کہ یہ ٹول ایسے وقت پر جاری کرنے کا اعلان ہوا ہے جب فیس بک کو پے در پے کئی پرائیوسی سیکنڈلز کی وجہ سے مشکل وقت کا سامنا ہے۔
ان سیکنڈلز میں سے ایک برطانوی فرم کیمبرج انلیٹکا بھی ہے جس نے 2017 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم کو سیاسی فائدہ پہنچانے کیلئے تقریباً نو کروڑ امریکی فیس بک صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی تھی۔
انڈپینڈنٹ کی جانب سے ٹول کی حتمی ریلیز کے حوالے سے سوال پر فس بک نے فوراً کوئی ردعمل نہیں دیا۔