پاکستان کے میک اپ آرٹسٹ شعیب خان شوبز انڈسٹری کے بہترین فنکاروں میں گنے جاتے ہیں۔
فلمی ستاروں کا شاندار میک اپ کرنے کے علاوہ ان کا ایک خاص ہنر یہ بھی ہے کہ وہ میک اپ کی مدد سے باآسانی کسی کا بھی روپ دھار لیتے ہیں۔
اب تک ہم لوگوں نے ایسے میک اپ کا ذکر یا جاسوسی ناولوں میں پڑھا تھا اور یا فلموں میں دیکھا تھا۔ شعیب خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ان کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وہ اب تک مشہور زمانہ فلم جوکر سمیت جون سنو، نور جہاں، اینجلینا جولی اور دپیکا پڈوکون کے روپ اپنا چکے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے ماضی کی مشہور پاکستانی اداکارہ رانی کا حلیہ اپنایا۔
اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’رانی ان کے لیے لیجنڈ ہیں جن کی آنکھیں، ڈانس اور انداز سب ہی کچھ انہیں شدید متاثر کرتا ہے۔‘
شعیب خان نے لکھا کہ 'رانی کی پیدائش 8 دسمبر 1946 کو ہوئی، ان کا اصل نام ناصرہ سرفراز تھا اور انہوں نے 32 برس کا شاندار کیریئر گزارا۔‘
رانی کے حوالے سے انہوں نے مزید لکھا کہ 'یہ انداز اپناتے ہوئے میں نے رانی کے بارے میں بہت کچھ جانا۔ وہ صرف ایک کردار نہیں پوری اکیڈمی تھیں۔ اس پروفیشن میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں تھا۔ ان کی اداکاری، رقص، خوبصورتی اور لباس کا انداز سب کچھ بہترین تھا اور یہی وجہ ہے کہ میں ہمیشہ ان کا سب سے بڑا مداح رہا۔‘
'میں ان کی ہر فلم دیکھتا تھا اور کوشش کرتا تھا کہ ان کی نقل کرسکوں اور ان کی طرح ڈانس کرسکوں۔‘
شعیب خان کی اس پوسٹ کو بہت شاندار رسپانس ملا اور کئی ویب سائٹس پر شئیر بھی کیا گیا۔