فحش مواد (پورن) کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے کے لیے برطانوی حکومت بہت جلد فحش مواد دیکھنے والوں کے لیے پہلے تصویری شناخت ضروری کر دے گی.
برطانوی حکومت کے 'پورن بلاکس' منصوبے کے تحت فحش مواد دیکھنے والوں کو پہلے سرکاری کاغذات کے ذریعے خود کو رجسٹر کروانا پڑے گا اور اس کے بعد ہی وہ فحش مواد تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اطلاعات کے مطابق یہ منصوبہ یکم اپریم سے نافذ ہو جائے گا مگر حکومت کے مطابق ابھی تک کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔
برطانوی محکمہ برائے ڈیجیٹل، ثقافت، میڈیا اورکھیل کے ترجمان کے مطابق: 'اس قدم سے ہم اپنے بچوں کو نامناسب مواد سے بچا سکیں گے جس تک رسائی فی الحال بہت آسان ہے۔ حکومت نے اس منصوبے کو صحیح طریقے سے نافذ کرنے کے لیے وقت لیا ہے اور بہت جلد تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔'
حالیہ دنوں میں پورن بلاکس کی تفصیلات اور حدود پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ متعدد خبروں اور کالموں میں یہ لکھا جاتا رہا ہے کہ اس منصوبے کا نفاذ فوراً کر دیا جائے گا۔
حکومت نے پہلے عندیہ دیا تھا کہ یہ قواعد اپریل 2018 سے لاگو ہوں گے جس کی وجہ سے یہ خبریں آنا شروع ہوئیں۔ مگر بار بار حکومت نئی تاریخ دیتی رہی ہے۔
برطانوی حکومت اس منصوبے کی مزید تفصیلات اپنی آن لائن پالیسی میں دے سکتی ہے جس کے ذریعے انٹرنیٹ کو محفوظ بنانے پر زور دیا جائے گا۔