پولیس نے انشورنس کی بھاری رقم حاصل کرنے کے لیے خود اپنا ہاتھ الیکٹرک آری سے کاٹنے والی سلووینیا کی خاتون کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ 21 سالہ خاتون نے تقریبا ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈز کی انشورنس رقم حاصل کرنے کے غرض سےاپنے رشتہ داروں سے مل کر ہاتھ کاٹنے کا منصوبہ بنایا۔
خاتون کے اہل خانہ نے ’واقعہ‘ پیش آنے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا اور ڈاکٹروں کو بتایا کہ ’واقعہ‘ لکڑیاں کاٹنے کے دوران پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، رشتہ دار جان بوجھ کر کٹا ہوا ہاتھ گھر پر چھوڑ آئے تاکہ اسے واپس جوڑا نہ جا سکے۔
خاتون نے حال ہی میں زخمی ہونے کی انشورنس پالیسی حاصل کی تھی جس کے مطابق حادثے کی صورت میں انہیں ماہانہ ڈھائی ہزار پاؤنڈز ملنا تھے۔
خاتون کے چار رشتہ داروں کو کچھ عرصہ قبل حراست میں لیا گیا تھا تاہم دو کو بعد میں چھوڑ دیا گیا۔
فراڈ کا جرم ثابت ہونے کی صورت میں خاتون اور ایک رشتہ دار کو آٹھ سال تک قید ہو سکتی ہے۔