ہندی فلموں کے معروف اداکار رشی کپور آج 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ دو برس سے کینسر میں مبتلا تھے۔ ان کا انتقال ممبئی کے ریلائنس ہسپتال میں ہوا۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی رندھیر کپور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کی۔
بالی وڈ میں رشی کپور ایک ایسے سدا بہار اداکار کے طور پر جانے جاتے تھے جنہوں نے اپنی رومانوی اور جذباتی اداکاری سے تقریباً تین دہائی سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔ ان کا شمار اپنی دہائی کے چاکلیٹ ہیروز میں ہوتا تھا۔
چار ستمبر 1952 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے رشی کپور کے والد راج کپور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایت کار تھے۔ رشی کپور کی دلچسپی بچپن سے ہی اداکاری میں تھی۔
رشی کپور نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز ’میرا نام جوکر‘ سے کیا جو ان کے والد کی ہی فلم تھی۔ 1970 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں رشی کپور نے 14 سالہ لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی استانی سے محبت کرنے لگتا ہے۔ اس کردار کو انہوں نے بخوبی نبھایا اور بہترین اداکاری پہ پہلی ہی فلم کے بعد نیشنل ایوارڈ وصول کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
1973 میں انہوں نے راج کپور بینر کی فلم ’بابی‘ میں بطور ہیرو کام کیا۔ اس لو سٹوری میں ان کے ساتھ بطور ہیروئن ڈمپل كپاڈيا تھیں اور یہ ان کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کی زبردست کامیابی نے نہ صرف ڈمپل کو بلکہ رشی کپور کو بھی شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ فلم بابی کی کامیابی کے بعد رشی کپور نے زہریلا انسان، زندہ دل اور راجہ نامی فلموں میں کام کیا لیکن یہ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں۔
سال 1996 میں رشی کپور نے ’پریم گرنتھ‘ سے ہدایت کاری میں بھی قدم رکھا۔ یہ فلم باکس آفس پرکامیاب نہیں رہی لیکن اس فلم میں رشی کپور کی اداکاری کی زبردست تعریف کی گئی۔ اس کے بعد بھی رشی کپور نے فلم ’آ اب لوٹ چلیں‘ اور کاروبار جیسی فلمیں بنائیں جو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں۔
رشی کپور نے چار دہائیوں پر محیط اپنے طویل فلمی کیریئر میں تقریباً 150 فلموں میں اداکاری کی۔
ان کے سوگواران میں نیتو سنگھ ان کی اہلیہ، ردھیما کپور، بیٹی اور رنبیر کپور، ان کے بیٹے شامل ہیں۔