قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں گذشتہ روز اپنے گھر کے سامنے نامعلوم افراد کے حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما عارف وزیر دم توڑ گئے۔
صحافی دلاور خان وزیر کے مطابق عارف وزیر گذشتہ روز وانا کے علاقے غواہ خواہ میں اپنے گھر میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی سے مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
عارف وزیر کو زخمی حالت میں مقامی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ آج جان کی بازی ہار گئے۔
پی ٹی ایم کے مرکزی رہنما اور شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ٹوئٹر پر دلاور وزیر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کئی سال قبل ان کے والد اور بھائی کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔
It is with a heavy heart that I report that our comrade Arif Wazir has succumbed to his injuries. Arif Wazir’s father and brother were also killed by militants years ago. Arif wz murdered by "good" terrorists. Our struggle against their masters will continue #StateKilledArifWazir
— Mohsin Dawar (@mjdawar) May 2, 2020
عارف وزیر پرریاست مخالف بیانات کے الزامات تھے اور کئی بار حکومت کی جانب سے ان متنازع بیانات کے نتیجے میں انہیں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
ایک ماہ قبل افغانستان میں ان کی جانب سے پاکستان مخالف بیان دینے کے بعد واپسی پر انہیں گرفتار کیا گیا تھا لیکن چند روز پہلے ہی انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
2007 میں وانا کے مقام پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے عارف کے والد سعد اللہ جان سمیت ان کے خاندان کے سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا، تب سے وہ حکومت کے خلاف میدان میں کود پڑے تھے۔
انہوں نے صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے طور پر الیکشن میں بھی حصہ لیا تھا۔