امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ان کے ساتھ سرکاری دوروں پر جانے والی خاتون ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ہی ہیں، نہ کہ ان کی ہم شکل کوئی اور خاتون۔
امریکہ میں اس وقت ایک عجیب و غریب افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ خاتونِ اول کے صدر کے ساتھ تعلقات اس قدر خراب ہیں کہ وہ ان کے ساتھ دوروں پر نہیں جاتیں اور ان کی بجائے ان کے قد و قامت کی ایک خاتون جاتی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی: ’جعلی خبروں والوں نے میلانیا کی تصویریں فوٹو شاپ کر کے یہ سازشی نظریہ پھیلا رکھا ہے کہ وہ ایلاباما اور دوسری جگہوں پر میرے ساتھ نہیں گئیں۔ یہ لوگ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید پاگل ہوتے جا رہے ہیں۔‘
’جعلی میلانیا‘ والی افواہ نئی نہیں ہے۔ اس کا آغاز 2017 سے ہوا تھا لیکن حالیہ ہفتے میں امریکی ٹیلی ویژن اے بی سی کے مارننگ شو میں انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی افواہوں کا جائزہ لیا گیا جس میں خاص طور پر ایلاباما میں ٹرمپ کے ساتھ جانے والی میلانیا کی تصاویر پر بحث ہو رہی ہے۔
خاتونِ اول کی ترجمان سٹیفنی گریشم نے اس مارننگ شو کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے۔
ٹوئٹر پر FakeMelania# کے نام سے ایک ہیش ٹیگ بھی گردش کر رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ میلانیا کی صدر ٹرمپ کے ساتھ حالیہ تصاویر میں وہ اصل خاتونِ اول سے مختلف دکھائی دے رہی ہیں۔
Video of trump saying that Melania “really wanted to be here”...while she’s standing next to him. pic.twitter.com/3RyS9amkBa
— Tomthunkit™ (@TomthunkitsMind) March 16, 2019
اس ویڈیو میں بظاہر صدر ٹرمپ یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ میلانیا یہاں آنا چاہتی تھیں۔ حالانکہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں۔