یوونٹس فٹبال سٹار کرسچیانو رونالڈو، اٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف ایک میچ میں’قابل اعتراض‘ انداز میں جشن منانے پر چیمپئنز لیگ میں پابندی سے تو بچ گئے، تاہم انہیں جرمانے کا سامنا ضرور کرنا پڑے گا۔
اٹلیٹیکو کے خلاف اٹلی میں 12 مارچ کو کھیلے گئے راؤنڈ 16 کے دوسرے لیگ میچ میں یوونٹس کے خسارے میں جانے کے باوجود رونالڈو نے حیران کن ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے اپنے اطالوی کلب کو جتوا دیا تھا۔
تاہم ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے بعد پرتگالی سٹار نے سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب رخ کرتے ہوئے قابل اعتراض انداز میں جشن منایا۔
یورپ میں فٹبال کی نگران ’یوئیفا‘ نے معاملے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد انضباطی کارروائی شروع کرتے ہوئے 21 مارچ کو رونالڈو کے خلاف فیصلہ سنانے کا اعلان کیا تھا۔
کمیٹی نے جمعرات کو ان پر 17 ہزار پاؤنڈز جرمانہ کیا ہے، جس کے بعد وہ ڈچ کلب آئی یکس کے خلاف میچ کھیل سکیں گے۔
رونالڈو آئی یکس کے خلاف 10 اپریل کو ایمسٹرڈیم میں پہلے لیگ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے جبکہ دوسرا لیگ میچ 16 اپریل کو ہوگا۔
چیمپئنز لیگ کے رواں سیزن میں رونالڈو ایک ہیٹ ٹرک سمیت چار گول کرسکے ہیں۔
دوسری جانب پرتگال کی قومی ٹیم نے پچھلے ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ رونالڈو کو یوکرائن اور سربیا کے خلاف یورو 2020 کوالیفائر کے لیے طلب کر لیا ہے۔