پاکستان میں بننے والے پانچ ویب ڈرامے کیا دکھا رہے ہیں؟

ویب سیریز میں بنانے والوں کو اس طرح بھی بھی آزادی ہوتی ہے کہ اسے فلماتے ہوئے ڈراموں یا سینیما والی پابندیوں کا سامنا کم کرنا پڑتا ہے۔

پاکستان میں فلموں اور ڈراموں کے بعد ویب سیریز کی مقبولیت کا بڑھتا ہوا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ جس طرح دنیا بھر کے نئے ٹرینڈز پاکستان کچھ دیر سے پینچتے ہیں اسی طرح ویب سیریز بھی یہاں تھوڑی دیر سے شروع ہوئیں لیکن ایک مرتبہ آغاز کے بعد اس انڈسٹری نے بھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ویب سیریز میں بنانے والوں کو اس طرح بھی بھی آزادی ہوتی ہے کہ اسے فلماتے ہوئے ڈراموں یا سینیما والی پابندیوں کا سامنا کم کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح ویب سیریز بنانے والے نت نئے تجربات کے لیے بھی تیار رہتے ہیں۔  ویب سیریز کا سلسلہ مشہور ہونے کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ اطلاعات کے مطابق مستقبل قریب میں عمیرہ احمد اور مہرین جبار بھی ایک نئی ویب سیریز کے ساتھ سامنے آنے والے ہیں۔

عنایہ

اس سال کے شروع میں ایک ویب سیریز عنایہ کے نام سے آئی اور ایروس پر ریلیز ہونے کے بعد سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔ وجاہت رؤف کی اس سیریز میں اظفر رحمان، مہوش حیات اور اسد صدیقی مرکزی کرداروں میں دیکھے گئے۔ اس ویب سیریز کی کہانی ’عنایہ‘ (مہوش حیات) نامی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔ یہ کالج میں پڑھنے والے دوستوں کی ایک کہانی ہے۔ ان کا ایک میوزک بینڈ ہے اور جب یہ بینڈ مشکل کا شکار ہوتا ہے تو عنایہ (مہوش حیات) لیڈ سنگر کے طور پر اس کو سہارا دیتی ہیں۔ عنایہ سیریز کے حوالے سے فہد مصطفی کا ایک بیان بھی ان کے لیے مشکل کا باعث بنا تھا جب انہوں نے ویب سیریز کے بولڈ مواد پر تنقید کی اور انہیں مہوش حیات سمیت مختلف لوگوں کی جانب سے کرارے جوابوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ ویب سیریز انٹرنیٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔ آئیے، عنایہ کے علاوہ رواں برس آنے والی چار مزید ویب سیریز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

شیم لیس پروپوزلز

سات حصوں پر مشتمل سعدیہ جبار کی یہ ویب سیریز رشتے طے ہونے کی دیسی روایات کو نشانہ بناتی ہے۔ رنگریزا سے مشہور ہونے والے ڈرامہ رائٹر ساجی گل کی اس کہانی کا ٹریلر حال ہی میں سامنے آیا ہے اور اس میں ارینج میرج کی وجہ سے ہونے والی مشکلات پر بات ہوتی نظر آتی ہے۔ ہنی ہارون کے زیر ہدایت اس ویب سیریز میں کہانی ایک لڑکی کو پیش آنے والی ان مشکلات کے گرد گھومتی ہے جو اسے اچھے رشتے کے حصول میں پیش آتی ہیں۔ نیز کہانی اس چیز کے گرد بھی گھومتی ہے کہ ایک لڑکی کس طرح باوجود اعلی تعلیم یا اچھی تربیت کے، اپنی سسرال کی غلط امیدوں پر پورا نہ اترتے ہوئے مایوسیوں کا سامنا کرتی ہے۔ اس سیریز میں دکھایا جائے گا کہ اس لڑکی کے لیے سات رشتے آئیں گے اور وہ ہر دفعہ ان کی نت نئی توقعات کا سامنا کر رہی ہو گی۔ 29 مارچ 2019 کو اس ویب سیریز کی پہلی قسط یو ٹیوب پر دکھائی جائے گی۔

بادشاہ بیگم

رافع رشدی کی تیار کردہ ویب سیریز بادشاہ بیگم سے بھی دیکھنے والوں کی بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بادشاہ بیگم ایک خاندان کے عروج و زوال کی کہانی ہے جس میں ناظرین کے لیے بہت سی باتیں سیکھنے والی ہیں۔ 2017 سے زیرالتوا چلی آنے والی یہ ویب سیریز عمران اشرف، ایمان علی اور گوہر رشید کو مرکزی کرداروں میں پیش کر رہی ہو گی۔ بادشاہ بیگم اس سال کے آخر میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

جان جہاں

ڈرامہ سیریل اڈاری سے شہرت کی نئی بلندیوں کو چھونے والے احسن خان نئی ویب سیریز جان جہاں میں آئزہ خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ ثنا شاہنواز کی بنائی یہ ویب سیریز خاندانی تنازعات کے گرد گھومتی ہے۔ اداکار قوی خان، سہیل احمد اور سمیعہ ممتاز جیسے سینئر فنکاروں کو مختلف کرداروں میں سموئے یہ ویب سیریز ایک مکمل فیملی ڈرامے کے طور پر پیش کی جائے گی۔

جن

ایک دیومالائی ڈرامے کے طور پر فلمائی جانے والی یہ ویب سیریز پاکستان کے شمالی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے ایک 17 سالہ لڑکے کی کہانی پر مبنی ہو گی۔ وہ لڑکا دنیا کو جنوں کے غلبے سے بچانے کے لیے مسلسل کوشش کر رہا ہو گا۔ اس سیریز کے پروڈیوسر علی مرتضی کے مطابق بیٹ مین اور سوپر مین  جیسی فلموں میں ڈرامائی تاثرات شامل کرنے والے ہالی وڈ ماہر 'برائن ایڈلر' کو بھی اس سیزیز کے لیے بطور ماہر چنا گیا تھا۔ حمزہ علی عباسی کے ساتھ غیر ملکی اداکار ایملی بلنٹ، برائس ڈلاس اور کیتھرین وی نک بھی اس کہانی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین