دنیا کے دس بہترین اور خوبصورت ترین ایئرپورٹس کی فہرست منظرعام پر آچکی ہے، جس میں شمال مغربی آئرلینڈ کی کاؤنٹی ڈونیگال کا ایئرپورٹ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
ایک نجی جیٹ بُکنگ پلیٹ فارم ’پرائیویٹ فلائی‘ کی جانب سے سات ہزار لوگوں سے کیے گئے سروے کے نتیجے میں ٹیک آف اور لینڈنگ کے لحاظ سے دنیا کے دس بہترین ایئرپورٹس کا انتخاب کیا گیا۔
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ڈونیگال نے بہترین ایئرپورٹس کی فہرست میں پہلی جگہ پائی۔
سروے میں شامل ایک شخص کا کہنا تھا، ’اس ایئرپورٹ کا نظارہ شاندار ہے، ایک طرف پہاڑ اور دوسری جانب جزیروں سے بھری ساحلی پٹی اور رن وے کے ساتھ ساتھ موجود سنہری ریت والے ساحل۔‘
اس ایئرپورٹ کو ساحلی راستے ’وائلڈ اٹلانٹک وے‘ کے افتتاح کے بعد زیادہ پذیرائی ملی، جو نو ممالک سے ہوکر گزرتا ہے۔
ڈونیگال کے بعد اس فہرست میں سکاٹ لینڈ کے ایک جزیرے پر واقع باڑا ایئرپورٹ کا نام شامل ہے، جہاں چھوٹے جیٹس ساحل پر خود سے لینڈ کرسکتے ہیں۔
سروے میں شامل ایک شخص نے تبصرہ کیا، ’باڑا ایئرپورٹ تک جانے کا راستہ بہت خوبصورت ہے۔ ساحل پر بکھری ریت پر لینڈنگ ایک بہت ہی منفرد تجربہ ہے، جس کا کوئی مقابلہ نہیں۔‘
فرانس کے شہر نیس کا ایئرپورٹ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
امریکہ کے اورلینڈو میلبورن ایئرپورٹ نے بحر اوقیانوس اور کینیڈی اسپیس سینٹر کے ساتھ ملحقہ ہونے کی وجہ سے فہرست میں چوتھے نمبر پر جگہ بنائی۔
اس فہرست میں پانچویں نمبر پر کیریبیئن کا سینٹ مارٹن ایئرپورٹ رہا۔
چھٹے نمبر پر ڈچ کیریبیئن کا ایئرپورٹ صبا ہے۔
نیوزی لینڈ کا کوئینز ٹاؤن ایئرپورٹ بہترین ہوائی اڈوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر رہا۔
کینیڈا کا ٹورنٹو بلی بشپ ایئرپورٹ فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہے۔
برطانیہ میں لندن سٹی ایئرپورٹ نے فہرست میں نویں نمبر پر جگہ بنائی۔
سروے میں شامل ایک شخص نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’سورج طلوع اور غروب ہونے کے وقت اس ایئرپورٹ سے لندن کے کینری وارف اور دریائے ٹیمز کے مناظر ناقابل یقین ہوتے ہیں۔‘
بہترین ایئرپورٹس کی فہرست میں دسویں نمبر پر اٹلی کے آؤسٹا ایئرپورٹ کا نام شامل ہے۔
پرائیویٹ فلائی کے سی ای او اور تجربہ کار پائلٹ ایڈم ٹوئیڈل کے مطابق، ’کچھ ایئرپورٹس اتنے بہترین فضائی مناظر پیش کرتے ہیں کہ ان کی وجہ سے ہی لوگ انہیں دیکھنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔‘