اپنے بل بوتے پر منی جہاز بنانے والے پاکپتن کے محنتی نوجوان کو پولیس نے تو گرفتار کرکے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، تاہم سوشل میڈیا پر اس نوجوان اور اس کی صلاحیتوں کو کافی سراہا جا رہا ہے۔
پاکپتن کے نواحی گاؤں 32 ایس پی کا رہائشی نوجوان محمد فیاض ایک نجی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ ہے، جس نے شب و روز محنت کرکے ایک منی جہاز تیار کیا۔
گزشتہ دنوں اُس نے اپنی کامیابی کو جانچنے کے لیے تقریباً دس فٹ اونچی اڑان بھری، تاہم جس وقت جہاز نے لینڈ کیا، اُسی وقت پولیس بھی وہاں آن پہنچی۔
تھانہ رنگ شاہ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس (اے ایس آئی) کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ جہاز بغیر پرمٹ کے بنایا گیا تھا اور نوجوان کے پاس حکومتی اجازت نامہ بھی نہیں۔
گزشتہ روز فیاض کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے تین ہزار روپے جرمانہ کرکے رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
قانونی پیچیدگیاں تو اپنی جگہ لیکن انتہائی کم وسائل میں اپنے بل بوتے پر منی جہاز بنانے والے اس نوجوان کو سراہنے والے بھی بے شمار لوگ ہیں۔
ان ہی میں سے ایک نامور پاکستانی اداکار اور گلوگار فخر عالم بھی ہیں، جنہوں نے حال ہی میں ’مشن پرواز‘ کے تحت تن تنہا پوری دنیا کے گرد چکر لگایا۔
فخر عالم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نوجوان فیاض کو سراہتے ہوئے لکھا، ’ایوی ایشن ایک علم، ایک صلاحیت اور سب سے بڑھ کر ایک جذبے کا نام ہے، خلا کے سفر کا پہلا قدم بھی یہی ہے۔ دنیا کے گرد میرے چکر لگانے کا سفر بھی کسی خاص مقصد کا ایک آغاز ہے، اُس وقت کا انتظار کرنا پڑے گا، جب محمد فیاض جیسے لوگوں کو بہتر مواقع ملیں گے۔‘
Aviation is about knowledge, skill and above all passion.... this is also the first step towards space travel.... my flying around the world was just the beginning of something special...wait till people like Muhammad Fayyaz get better opportunities. pic.twitter.com/QMGTkmrOZf
— Fakhr-e-Alam (@falamb3) April 1, 2019
دیگر لوگوں نے بھی اس نوجوان کی ذہانت اور قابلیت کو سراہا۔
ٹوئٹر پر نعمان سہیل نامی ایک صارف نے لکھا، ’ذہانت اور فہم و فراست کے لیے کسی مشہور ادارے سے وابستہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ منی جہاز بنانے پر محمد فیاض کو سلام، جو کہ زراعت اور پودوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ ’آگے بڑھ کر اس نوجوان کی صلاحیتوں کو استعمال کرے، قبل اس کے کہ کوئی ملک انہیں امیگریشن کی پیشکش کردے۔‘
Brilliance & intellect dont require association with prestigious institutes. Bravo 2 #Fayyaz 4 making & flying small aircraft which can b used 4 irrigation & plant care. @pid_gov @Shafqat_Mahmood, pls come forward & make better use of his talent b4 someone offers him immigration! https://t.co/vR9JztZVzp
— Nauman Sohail (@nauman_sohail) April 1, 2019