اصلی اینابیل گڑیا کے مالک نے ان افواہوں کی تردید کردی ہے جن کے مطابق ہارر فلموں کی یہ 'آسیب زدہ گڑیا' میوزیم سے فرار ہو چکی ہیں۔
جمعہ 14 اگست سے ہی سوشل میڈیا پر اس گڑیا کے فرار سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ جس کی وجہ اینابیل کے آفیشل وکی پیڈیا پیج پر کی جانے والی وہ اپ ڈیٹ تھی جس کے مطابق یہ گڑیا کینکٹی کٹ کے آوکلٹ میوزیم میں واقع اپنے انکلوژر میں موجود نہیں ہے۔ لیکن کچھ وقت بعد ہی تفتیش کاروں اور کونجرنگ فرنچائز کے مالکان ایڈ اور لورین وارن کے داماد ٹونی سپیرا نے اس حوالے سے وضاحت کر دی۔
ٹونی کی جانب سے خاندان کے یوٹیوب چینل پر کہا گیا: 'میں آپ کو کچھ بتانا چاہتا ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ آپ یہ سننا چاہتے ہیں یا نہیں لیکن اینابیل فرار نہیں ہوئی۔'
انہوں نے اپنی بات کو ثابت کرنے کے لیے اپنے کیمرے کو ڈراؤنی گڑیا کی جانب موڑا جس کو اپنے انکلوژر میں دیکھا جا سکتا تھا۔
جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ 'اینابیل یہاں ہے۔ وہ کہیں نہیں گئی۔ وہ گھومنے نہیں گئی۔ نہ ہی وہ فرسٹ کلاس پرواز میں اپنے بوائے فرینڈ سے ملنے گئی ہیں۔'
ان لوگوں کو انتباہ کرتے ہوئے، جو اس گڑیا کے آسیب زدہ ہونے پر شک کرتے ہیں، ٹونی کا کہنا تھا: 'مجھے سچ میں تشویش ہوگی اگر اینابیل کہیں چلی جاتی کیونکہ وہ کھیلنے کے لیے تو ہرگز نہ جاتی۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس گڑیا کے مالک ایک طالب علم تھے جنہوں نے 1970 میں وارنز سے ملاقات کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ اینابیل نے 'خوف ناک اور ڈراؤنے رویے کا مظاہرہ' کرنا شروع کر دیا ہے۔
وارنز خاندان نے ہمیشہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ گڑیا 'آسیب زدہ' ہے اور اس میں ایک مردہ لڑکی کی روح حلول کر چکی ہے۔
اینابیل اپنی ذاتی فرینچائز سے پہلے دی کونجرنگ فلم میں شامل کی جا چکی ہے۔ اس سے قبل اسے 2019 میں 'اینابیل کمز ہوم' میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
© The Independent