’کیپٹن کول‘ دھونی کو گرمی کھانا مہنگی پڑ گئی

چنائی سپر کنگز کے کپتان راجھستان رائلز کے خلاف میچ کے آخری سنسنی خیز اوور میں ڈگ ۔ آوٹ سے نکل کر میدان میں آ کر امپائروں سے بحث کرنے لگے۔

تصویر: اے ایف پی

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق اور چنئی سپر کنگز کے موجودہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں امپائر کے فیصلے پر میدان میں کود پڑنا مہنگا پڑ گیا۔

جمعرات کو چنئی سپر کنگز اور راجھستان رائلز کے درمیان میچ کے آخری اور سنسنی خیز اوور میں دھونی ایک موقع پر ڈگ آؤٹ سے نکل کر میدان میں آ گئے اور امپائر سے بحث کرنے لگے۔

اس حرکت پر ’کیپٹن کول‘ کہلانے والے چنئی سپر کنگز کے مہیندر سنگھ دھونی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

چنئی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد راجھستان کو میچ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ تاہم تنازعہ آخری اوور کی چوتھی گیند پر اُس وقت شروع ہوا جب فاسٹ بولر بین سٹوکس نے نئے بلے باز مچل سینٹنر کو فل ٹاس گیند کرائی۔

بھارتی امپائر الہاس گاندھی نے اس فل ٹاس گیند کو نو بال قرار دے دیا لیکن سکوائر لیگ پر کھڑے امپائر بروس آکسن فورڈ نے اس نو بال کو مسترد کر دیا جس پر ایک گیند پہلے بولڈ ہونے والے دھونی ڈگ آؤٹ سے بھاگ کر میدان میں آ گئے اور امپائروں سے بحث کرنے لگے۔

میچ ختم ہونے کے بعد حریف بلے باز جوز بٹلر نے دھونی کے رویے پر سوال اٹھایا۔ بٹلر نے کہا: ’مجھے نہیں پتہ کہ ایسا کرنا ٹھیک تھا کہ نہیں۔ ظاہر ہے آئی پی ایل میں تناؤ کی کیفیت ہوتی ہے اور ہر رن اہم ہوتا ہے۔ یہ میچ کا انتہائی اہم مرحلہ  تھا لیکن کیا ایسے ماحول میں میدان میں کود پڑنا ٹھیک تھا؟ شاید نہیں‘۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ دھونی نے ایک خراب مثال قائم کی۔ انہوں نے ٹویٹ کی: ’اس سے کھیل کی اچھی مثال پیدا نہیں ہوئی۔۔۔ یہاں کسی بھی کپتان کے ڈگ آؤٹ سے بھاگ کر میدان میں آنے کی گنجائش نہیں‘۔

چنئی کے کوچ سٹیفن فلیمنگ نے کہا کہ دھونی محض فیصلے کو سمجھنا چاہتے تھے۔ تاہم  فلیمنگ نے تسلیم کیا کہ ان کے کپتان کی حرکت پر بہت عرصے تک سوال اٹھتے رہیں گے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، رواں سال آئی پی ایل میں تیسری مرتبہ امپائرنگ پر سوال اٹھے ہیں۔ اس سے پہلے 28 مارچ کو امپائر سندرم روی کی جانب سے میچ کی آخری گیند کو نو بال نہ دینے کی قیمت وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز کو شکست کی صورت میں ادا کرنا پڑی تھی۔

میچ کے بعد کوہلی نے غصے میں کہا تھا ’ہم کلب کرکٹ نہیں کھیل رہے‘۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل