مائیکروسافٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ہاٹ میل، ایم ایس این اور آؤٹ لک استعمال کرنے والے صارفین کی ایک بڑی تعداد کے اکاؤنٹ دو ماہ تک ہیکرز کی دسترس میں رہے۔
تینوں ای میل سروسز مہیا کرنے والی کمپنی مائیکروسافٹ نے تصدیق کی ہے کہ نان کارپوریٹ صارفین کے ای میل اکاؤنٹس کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی گئی۔
ہیک ہونے والی ای میلز میں سے چھ فیصد کے قریب کسٹمر سپورٹ پورٹل پر جاری کی گئی تھیں۔
متاثرہ صارفین کو بھیجے جانے والی ای میل میں کمپنی کی طرف سے کہا گیا کہ مائیکروسافٹ سپورٹ ایجنٹس کی تفصیلات دسترس میں آنے سے ہیکروں نے اکاؤنٹس کی خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کی۔
زیادہ تر لوگوں کی چوری ہونے والی معلومات میں نام، فولڈرز، ای میلز کے عنوان اور ای میل پتے شامل ہیں۔
یہ تفصیلات رواں سال یکم جنوری سے 28 مارچ تک کے عرصے کے دوران کی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ای میلز میں بھیجے جانے والے پیغامات، کاغذات، تصاویر اور وڈیوز ہیکروں سے محفوظ رہیں۔
کمپنی کی جانب سے متاثرہ اکاؤنٹس کے اعدادوشمار فراہم نہیں کیے گئے۔
مائیکرو سافٹ نے کہا: ’بدمعاش عناصر کی جانب سے محدود پیمانے پر لوگوں کی ای میلز پر لامحدود اختیار حاصل کیا گیا تھا‘۔
کمپنی ترجمان نے کہا کہ متاثرہ صارفین کو مزید معاونت اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
’اس سلسلے میں فوری اقدامات کرتے ہوئے ہیکروں کی دسترس ختم کرنے کے علاوہ حاصل کردہ تفصیلات کوغیر فعال کر دیاگیا ہے‘۔
کمپنی نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ اس واقعے کے بعد سپیم ای میلز میں اضافہ ہو سکتا ہے اور صارفین انجان پتےسے آنے والی ای میل میں موجود لنکس کھولنے سے اجتناب کریں۔
بطوراحتیاطی تدبیر صارفین سے پاس ورڈ تبدیل کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے گو کہ اس ہیکنگ کے واقعے میں پاس ورڈ محفوظ رہے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے کہا گیا کہ متاثرہ اکاؤنٹس کی نگرانی اور حفاظتی انتظامات کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
خیال رہے یہ واقعہ جنوری میں سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد پیش آیا جب 770 ملین افراد کا، جو مختلف ای میل سروسز استعمال کرتے ہیں، ڈیٹا مبینہ طور پر ہیکروں کی جانب سے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔