فیس بک کی ملکیت موبائل ایپلی کیشن وٹس ایپ کی جانب سے رازداری کی متنازع پالیسی کے اعلان کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی صارفین متبادل ایپس کی طرف جانے کا سوچ رہے ہیں۔
وٹس ایپ سے راہیں جدا کرنے کی صورت میں پاکستانی صارفین کی اکثریت کسی غیر ملکی ایپ کو ہی اپنانے پر غور کر رہی ہو گی لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان میں بھی ایک میسیجنگ ایپلی کیشن تیار کی جا چکی ہے جسے 10 لاکھ سے زیادہ لوگ استعمال بھی کر رہے ہیں۔ پاکستانی موبائل ایپلیکیشن کا نام ٹیلو ٹاک (TelloTalk) ہے جسے 2017 میں تیار کیا گیا تھا اور اب تک لاکھوں لوگ اسے اپنے سمارٹ فونز میں ڈاون لوڈ کر چکے ہیں۔
ٹیلو ٹاک کے شریک بانی اور سی ای او شہباز علی جاموٹ نے دعویٰ کیا کہ وٹس ایپ کی نئی پالیسی کے اعلان کے بعد گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹیلو ٹاک کے صارفین میں دو سو فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی نوجوانوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہے اور وٹس ایپ کی پالیسی میں تبدیلی کے اعلان کے بعد سے زیادہ پاکستانیوں نے ٹیلو ٹاک ڈاون لوڈ کرنا شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلو ٹاک وٹس ایپ کی طرح ایک سپر ایپ ہے، بلکہ اس کے بعض فیچرز تو کئی غیر ملکی اور بین الاقوامی ایپلی کیشنز سے بھی بہتر ہیں۔ان کے بقول سب سے سے بڑی بات یہ ہے کہ ٹیلو ٹاک خالصتاً پاکستانی ایپ ہے اور پاکستانیوں کو اپنا سوشل پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلو ٹاک پاکستانی سافٹ وئیر ماہرین اور انجنئیرزکی کئی سال کی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور اسے چلانے والی تمام مشینیں (سرورز)اور عملہ پاکستان کی سر زمین پر موجود ہے۔شہباز جاموٹ نے کہا کہ ٹیلو ٹاک مغرب کی طرح مکمل آزاد یا چین کی طرح پابندیوں کے شکار ماڈلز کے برعکس ایک ہائبرڈ ماڈل پیش کرتا ہے جس میں مکمل آزادی اور رازداری کے ساتھ کچھ قواعد و ضوابط بھی لاگو ہوتے ہیں۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے قندیل حسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ گذشتہ ایک سال سے ٹیلو ٹاک استعمال کر رہے ہیں اور اس سے کافی مطمئن ہیں۔چند روز قبل ہی ٹیلو ٹاک ڈاؤن لوڈ کرنے والی اسلام آباد کی رہائشی خدیجہ کا کہنا تھا کہ انہیں یہ ایپ اپنی اپنی سی لگتی ہے اور غیر ملکی ایپلی کیشنز سے بہت بہتر ہے۔
ٹیلو ٹاک کی خاص باتیں
ٹیلو ٹاک کی مارکیٹنگ منیجر فرناز شمع نے بتایا کہ یہ صرف میسیجنگ ایپ ہی نہیں بلکہ اس میں صارفین دوسری کئی دوسری سرگرمیاں بھی انجام دے سکتے ہیں۔ ان کا دعوی تھا کہ ٹیلو ٹاک کے کئی فیچرز ایسے ہیں جو وٹس ایپ سمیت دوسری بین الاقوامی ایپلی کیشنز میں موجود نہیں ہیں۔ کسی بھی دوسری پیغام رسانی کی ایپ کی طرح ٹیلو ٹاک پر بھی ٹیکسٹ، وائس یا ویڈیو پیغامات بنائے اور بھیجے جا سکتے ہیں تاہم اس پاکستانی ایپلی کیشن کے مندرجہ ذیل فیچرز اسے اکثر بین الاقوامی ایپس سے منفرد بناتے ہیں۔
1۔ پیغام رسانی کے علاوہ ٹیلو ٹاک میں صارفین روزمرہ کی خبریں بھی دیکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔ ٹیلو ٹاک کے اندر ہی کئی قومی اور مقامی اخبارات اور ٹی وی چینلز کے لنکس کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں صارفین ایپ کے اندر رہتے ہوئے کھول سکتے ہیں۔
2۔ ایپلی کیشن بنانے والوں نے کارپوریٹ سیکٹر کے کئی اداروں کو بھی اس کا حصہ بنایا ہے اور اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین آن لائن بینکنگ، کھانا آرڈر کرنے ، ای اور ایم کامرس اور دوسرے کئی کاروباری اداروں کی سہولتوں سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
3۔ ٹیلو ٹاک انگریزی کے علاوہ اردو اور پانچ پاکستانی زبانوں پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی اور سرائیکی کی بورڈز فراہم کرتی ہے اور صارفین بغیر سافٹ وئیر ڈاون لوڈ کیے ان زبانوں میں پیغامات لکھ سکتے ہیں۔
4۔ ٹیلو ٹاک میں ایک مرتبہ لکھے گئے پیغام میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔
5۔ اس ایپ میں استعمال کیے گئے سٹکرز اور ایموجیز خالصتاً پاکستانی ہیں اور کوئی غیر ملکی مٹیریل استعمال نہیں کیا گیا ہے۔
6۔ پاکستانی ایپ ہونے کی بدولت ٹیلو ٹاک پر ملکی تہواروں اور دوسرے اہم واقعات کو منایا جاتا ہے جن مسلمانوں کے مذہبی تہوار بشمول عیدین، قومی دن جیسے کہ یوم آزادی اور یوم دفاع وغیرہ شامل ہیں۔
7۔ ٹیلو ٹاک میں چیٹ رومز کی سہولت بھی موجود ہے جہاں صارفین مختلف موضوعات پر گفتگو کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بین الاقوامی ادارے سے منسلک سافٹ وئیر انجینیئرمحمد راحیل خان کا کہنا تھا کہ ٹیلو ٹاک میں بھیجے جانے والے پیغامات مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ ایپلی کیشن کا انٹر فیس انتہائی یوزر فرئینڈلی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایپلی کیشن پر پیغامات کا بیک اپ بنانے کا خود کار نظام بھی موجود ہے۔
صارفین ٹیلو ٹاک پر اپنی پسند کے ڈرامے اور فلمیں بھی دیکھ سکتے ہیں۔محمد راحیل خان نے ٹیلو ٹاک میں بعض خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس ایپلی کیشن میں پیغام بھیجنے اور وصول کرنے کا وقت دو سے پانچ سیکنڈ ہے جو دوسری بین الاقوامی ایپلی کیشنز سے زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلو ٹاک میں کسی پیغام کا جواب دینے کے لیے سوائپ رپلائی کی سہولت بھی موجود نہیں اور پیغامات کا بیک اپ آئی کلاؤڈ پر نہیں بنتا۔
ان اعتراضات کے جواب میں ٹیلو ٹاک کے سی ای او شہباز علی جاموٹ نے کہا کہ ابھی ٹیلو ٹاک کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری ہے اور وقت کے ساتھ تمام فیچرز کو مزید یوزر فرینڈلی اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق بنایا جائے گا۔