پی ایس ایل میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں داخلے کی اجازت

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل میچز کے دوران لاہور اور کراچی سٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ساڑھے سات ہزار جبکہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ساڑھے پانچ ہزار تماشائی براہ راست میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ملک میں کرونا (کورونا) وبا سے نمٹنے کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے دوران تماشائیوں کو سٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

پی سی بی کے جاری ایک بیان کے مطابق 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی اور لاہور میں کھیلے جا رہے لیگ میچز کے دوران سٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ فیصلے کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ساڑھے سات ہزار جبکہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ساڑھے پانچ ہزار تماشائی ٹکٹیں حاصل کرکے لائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔

لیگ کے دوران دونوں ادارے این سی او سی اور پی سی بی مشترکہ طور پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غور کیا جائے گا کہ آیا تین پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔

اس حوالے سے  پاکستان کرکٹ بورڈ نے این سی او سی کو ایک تفصیلی بریفنگ دی تھی، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور پی سی بی، میچز کے دوران سٹینڈز میں بیٹھے تماشائیوں سے حکومتی کوویڈ 19 پروٹوکولز اور سماجی فاصلے کی ہدایات پر مکمل عمل کروائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق اب جبکہ این سی او سی نے لیگ کے دوران تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے تو پی سی بی اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان جلد کر دے گا۔

بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ این سی او سی کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے مداحوں کو سٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر پی سی بی پر اعتبار کیا، یہ پی سی بی کی بطور ادارہ کوویڈ 19 پروٹوکولز کی پاس داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ محدود تعداد میں داخلے کی وجہ سے ہر فین سٹیڈیم میں نہیں آسکتا مگر ان کی محدود تعداد میں موجودگی بھی ایک مثبت اور درست فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ تماشائیوں کی محدود تعداد میں سٹینڈز میں آمد کے ساتھ لیگ کو کامیابی سے منعقد کروا لیتے ہیں تو انہیں رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اورویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تماشائیوں سے متعلق اپنا کیس مضبوط نظر آتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ