ممبئی: بھارتی پولیس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے ’الیکشن مہم‘ چلانے والے پالتو کتے اور اس کے مالک کو حراست میں لے لیا۔
حکام کے مطابق، کتا ووٹنگ والے دن پولنگ سٹینشنز کے باہر مودی کے حق میں نعرے (مودی لاؤ ، دیش بچاؤ) لگے سٹیکروں کے ساتھ گھومتا پھرتا پایا گیا، جس پر کتے اور اس کے مالک انکیت چوہدری کو حراست میں لینے کی کچھ دیر بعد تنبیہ کر کے چھوڑ دیا گیا۔
یہ واقعہ پیر کو ریاست مہارشٹرا میں پیش آیا، جہاں مرحلہ وار الیکشن کا چوتھا دور چل رہا تھا۔
پولیس اہلکار گنپت پھیل نے اے ایف پی کو بتایا: ’ہم نے کتے اور اس کے مالک کو اِس لیے حراست میں لیا کیوں کہ وہ پولنگ ڈے پر الیکشن مہم سے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مودی کی تشہیر کر رہے تھے‘۔
بھارت میں پولنگ والے دن مہم چلانے پر پابندی عائد ہے۔ پھیل نے بتایا کہ انکیت کے خلاف بھارت کے پینل کوڈ کے تحت شکایت درج کی جا چکی ہے۔
کتے اور اس کے مالک کو پیر کی شام نندربار میں ’تنبیہ‘ دے کر چھوڑا گیا۔
مودی اور ان کی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی اس الیکشن میں فیورٹ سمجھی جا رہی ہے۔ بھارت میں جاری مرحلہ وار انتخابات کا نتیجہ 23 مئی کو سنایا جائے گا۔