نامور موسیقار اور گلوکار عدنان سمیع خان کے بیٹے اذان سمیع خان نے آخر کار گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ چکے ہیں۔
اذان کی پہلی میوزک البم ’میں تیرا‘ کا ٹائٹل ٹریک ریلیز ہوا تو سننے اور دیکھنے والوں کو یوں لگا جیسے ’عدنان سمیع خان یکلخت جوان ہوکر آگئے ہیں۔‘
اپنے پہلے البم کے پہلے گانے ’میں تیرا‘ کی ریلیز کے بعد انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اذان نے بتایا کہ وہ گذشتہ دو برس سے اس البم پر کام کررہے تھے کیونکہ اس سے پہلے وہ موسیقی تو ترتیب دے چکے ہیں تاہم انہوں نے خود کبھی نہیں گایا تھا۔
اذان نے گلوکاری کی باضابطہ تربیت حاصل کی ہے اور وہ ہفتے میں پانچ سے چھ دن ریاض ضرور کرتے ہیں۔ ان کا ریاض کرنے کا یہ سلسلہ بچپن سے جاری ہے۔
فی الحال انہوں نے البم کا ایک ہی گانا ریلیز کیا ہے لیکن ان کا ارادہ ہے کہ وہ ہر ماہ ایک گانا ریلیز کریں گے اور تین یا چار ماہ کے بعد مکمل میوزک البم جاری کردیا جائے گا۔ ’میں تیرا‘ البم میں کل نو گانے ہیں جبکہ کچھ کی تیاری میں استاد راحت فتح علی خان کے ساتھ اشتراک بھی کیا گیا ہے۔
گانے ’میں تیرا‘ کا بطور ٹائٹل ٹریک انتخاب کر کے اسے سب سے پہلے کیوں نشر کیا گیا؟ اس بارے میں اذان کا کہنا ہے کہ یہ اس البم کا سب سے معصوم گانا ہے اور وہ شروعات ایک ایسے ہی گانے سے کرنا چاہتے تھے۔
آواز و انداز میں اپنے والد سے بےپناہ مشابہت کے بارے میں اذان کا خیال ہے کہ یہ عین فطری ہے اور انہوں نے اس کی کوشش نہیں کی بلکہ انہوں نے تو اپنے والد کو یہ گانا ریلیز کرنے سے صرف ایک دن پہلے ہی بھیجا تھا۔
’میرے والد نے بھی رومانوی گانوں سے ہی شہرت پائی تھی اور یہ گانا بھی رومانوی ہے، اس لیے شباہت کچھ زیادہ محسوس ہوئی، اب آواز تو میری ایسی ہی ہے وہ تو نہیں بدل سکتا۔‘
اذان کے استاد نصیر الدین سامی ہیں جو اذان کو موسیقی سکھاتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی کچھ دیگر استاد ہیں جو ان کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔
وہ خود بھی کبھی کبھار چند تکنیکی معاملات پر ان سے مدد لے لیا کرتے ہیں، البتہ اذان کا کہنا ہے کہ یہ موسیقی ان کی اپنی ہے اور کوئی بھی اس میں مداخلت نہیں کرتا۔
اذان چونکہ پہلی مرتبہ خود گا رہے تھے اس لیے انہیں کچھ خدشات بھی تھے، ایسے میں ہدایت کار احتشام الدین نے انہیں سمجھایا کہ انہیں والد سے مشابہت کے بارے میں قطعاً فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ سب فطری عمل ہے اور اسے ایسے ہی چلنے دینا چاہیے۔
’میں تیرا‘ کی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں اذان کے ساتھ ایک نئی ماڈل ماہین صدیقی ہیں اور اسے احتشام الدین نے بنایا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یاد رہے کہ اس سے پہلے اذان تین پاکستانی فلموں کی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں جن میں ’پرواز ہے جنون‘، سپر سٹار‘ اور ’پرے ہٹ، لوّ‘ شامل ہیں۔ ان فلموں کے گانوں کو بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔
حال ہی میں ایک گانا ’غلط فہمی‘، جو انہوں نے 2019 میں ریلیز ہونے والی ماہرہ خان اور بلال اشرف کی فلم ’سپر سٹار کے لیے ترتیب دیا تھا، پوری دنیا اور خصوصاً بھارت میں ٹرینڈ ہوا اور اب تک یہ یوٹیوب پر کل ملا کر ساڑھے پانچ کروڑ مرتبہ سے زیادہ دیکھا اور سنا جاچکا ہے۔
اچانک ایسا کیا ہوا کہ ڈیڑھ سال بعد گانا چند ملین سے 52 ملین پر پہنچ گیا؟ اس بارے میں اذان کا کہنا تھا کہ اس پر انہیں بھی حیرت ہے مگر ساتھ ساتھ خوشی بھی ہے کہ یہ گانا عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت میں ٹک ٹاکر اویز دربار نے اس گانے پر کوئی شو ریل بنائی تھی، اب چونکہ بھارت میں ٹک ٹاک پر پابندی ہے تو وہ آج کل شو ریل بنا رہے ہیں، تو جب انہوں نے یہ گانا اپنی ایک ویڈیو میں استعمال کیا تو اس کے بعد بھارتی عوام کی نظروں میں یہ گانا آیا اور وہاں بھی مشہور ہوگیا۔
حالیہ دنوں میں متعدد کارپوریٹ اداروں کی جانب سے میوزک پروگراموں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اذان کی رائے ہے کہ یہ خوش آئند ہے کیونکہ اس طرح نئے افراد کو موقع ملتا ہے اور پلیٹ فارمز جتنے زیادہ ہوں اتنا ہی اچھا ہے۔
اذان کا یہ پہلا میوزک البم ’ہم میوزک‘ کے نئے ریکارڈ لیبل کے تحت جاری کیا جا رہا ہے اور پاکستان میں جہاں پہلے ہی ریکارڈ لیبل موجود نہیں وہاں یہ یقیناً ایک خوشگوار اضافہ ہے۔