پاکستان کی معروف میموری سپورٹس، سپیڈ ریڈنگ اور مائنڈ میپنگ کی ماہر ایما عالم کو ان کی غیرمعمولی کامیابیوں کے اعتراف میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے گولڈن ویزا دیا گیا ہے۔
آن لائن لرننگ پلیٹ فارم فیوچرسٹک لرننگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایما عالم، جو عالمی میموری چیمپیئن، ورلڈ سپیڈ ریڈنگ چیمپیئن اور ورلڈ مائنڈ میپنگ چیمپیئن ہیں، کا یہ اعزاز ذہنی اور علمی کامیابیوں کی عالمی سطح پر اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ویزے کے حصول سے نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہوا ہے، بلکہ وہ دیگر افراد کے لیے ایک مثال بھی بن گئی ہیں۔
یو اے ای گولڈن ویزا ایک طویل مدتی رہائشی ویزا ہے جو 2019 میں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے متعارف کرایا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یو اے ای گولڈن ویزا ایک ایسا اعزاز ہے جو عام طور پر سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور ٹیکنالوجی، طب اور فنون جیسے شعبوں کے ماہرین کو دیا جاتا ہے۔ تاہم، ایما عالم کو یہ اعزاز ان کے ذہنی کھیلوں اور سپر لرننگ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا ہے، جو اس اعزاز کی انفرادیت کو نمایاں کرتا ہے۔
یہ ویزا عالمی سطح پر اعلیٰ صلاحیتوں کو متوجہ کرنے اور ان کی سرپرستی کرنے کے لیے یو اے ای کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور اس کے تحت منتخب افراد کو دس سال تک ملک میں رہائش اور کام کی اجازت دی جاتی ہے۔
یو اے ای گولڈن ویزا ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایما عالم نے کہا: ’مجھے اپنی کامیابیوں پر یہ اعزاز ملنے پر بےحد فخر ہے، یہ اعتراف انسانی دماغ کی قوت اور علمی مہارتوں کی قدر کو اجاگر کرتا ہے۔
’میں امید کرتی ہوں کہ اپنی کامیابی سے دوسروں کو، خاص طور پر پاکستان کے نوجوانوں کو، ان کی مکمل صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے متاثر کر سکوں۔‘
ایما عالم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یو اے ای حکومت کی مختلف شعبوں کے باصلاحیت افراد کی سرپرستی پر شکر گزار ہوں۔‘
ایما عالم کی کامیابی میں ان کی رہنما ثانیہ عالم کا نمایاں کردار ہے، جنہوں نے انہیں فیوچرسٹک لرننگ میں تربیت دی۔
ثانیہ عالم کی سرپرستی میں ایما نے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا اور حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کیں۔
فیوچرسٹک لرننگ اپنی جدید علمی تربیتی طریقوں کے لیے جانا جاتا ہے اور اس کے تربیت یافتہ طلبہ نے مجموعی طور پر چھ گنیز ورلڈ ریکارڈز اور متعدد دیگر عالمی اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
ایما عالم پاکستان کے وزیرِاعظم کی نیشنل یوتھ کونسل کی رکن بھی ہیں، جہاں وہ ملک کے نوجوانوں کی نمائندگی کرتی ہیں اور ان کے فائدے کے لیے پالیسی سازی میں کردار ادا کرتی ہیں۔