بنگلہ دیش کرکٹ حکام نے منگل کو بتایا کہ سابق کپتان تمیم اقبال ڈومیسٹک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے بعد ہوش میں آگئے ہیں اور انہوں نے اپنے گھر والوں سے بات بھی کی ہے۔
پیر کو 36 سالہ تمیم اقبال ڈھاکہ پریمیئر ڈویژن کرکٹ لیگ کے 50 اوور میچ میں محمدن سپورٹنگ کلب کی قیادت کر رہے تھے کہ اچانک انہیں سینے میں درد کے باعث قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کلب آفیشل طارق الاسلام نے بتایا ہے کہ ’اب وہ بہتر ہیں۔ انہوں نے خاندان والوں سے بات بھی کی ہے اور ہسپتال میں کچھ وقت کے لیے چہل قدمی بھی کی۔‘
ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر رزیب حسن نے صحافیوں کو بتایا کہ جب تمیم اقبال کو ہسپتال لایا گیا تو ان کی حالت نازک تھی۔
انہوں نے بتایا کہ تمیم اقبال کی سرجری کی گئی اور بند شریان کو کھولنے کے لیے سٹینٹس ڈالے گئے۔
تمیم اقبال کے اس طرح سے میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین اور کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعائیں کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے اپنا انسٹاگرام پر تمیم اقبال کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
سابق پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے تمیم اقبال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’دوست تمیم اقبال کی صحت سے متعلق خبر سن کر شدید صدمہ ہوا۔ ان کی جلد صحتیابی اور مکمل طاقت کی دعا کرتا ہوں۔ میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ امید ہے کہ جلد میدان میں واپسی ہوگی۔ مضبوط رہو، بھائی!‘
ان کے ساتھی کرکٹر شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پر لکھا: پلیز دعا کریں کہ میرا بھائی تمیم جلد صحتیاب ہو جائے اور میدان پر واپسی کریں۔‘
انڈین کرکٹر یووراج سنگھ نے بھی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے مشکل حریفوں کا اس سے پہلے بھی مقابلہ کیا ہے اور آپ مضوط رہے ہیں، یہ بھی آپ کے لیے الگ نہیں۔‘
صارف میاں عمر نے اپنے ایکس پر لکھا کہ ’حقیقی ہمت کرکٹ میچ کی طرح ہوتی ہے، چیلنجز کا مقابلہ اسی جذبے سے کریں جس جذبے سے آپ میدان میں اترتے ہیں۔‘