بے رحم کھیل کا شکار ریچھ ’راکی‘ سرگودھا سے اسلام آباد منتقل

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ریسکیو ٹیم کی انچارج ثنا راجہ کے مطابق جب راکی کو حفاظتی مرکز منتقل کیا گیا، تو اس کے جسم پر شدید زخموں کے نشانات، چہرے پر گہرے کٹ اور گردن و پنجوں پر رسیاں باندھنے کے نشانات دیکھے گئے۔

سرگودھا میں غیر قانونی جوئے کے ایک بے رحمانہ کھیل میں استعمال ہونے والے ایشیائی سیاہ ریچھ ’راکی‘ کو بچا کر اسلام آباد کے ریسکیو مرکز منتقل کر دیا گیا۔

یہ ریچھ ان ظالمانہ مقابلوں کا حصہ تھا، جہاں اسے کتوں کے خلاف لڑائی پر مجبور کیا جاتا تھا اور شرطیں لگائی جاتی تھیں۔ ان مقابلوں میں دو یا زیادہ کتوں کو ریچھ کے خلاف چھوڑ دیا جاتا اور اگر ریچھ ہار مان لیتا تو شرط جیتنے والے رقم وصول کرتے جبکہ اگر ریچھ کتوں کو نقصان پہنچا دیتا تو اس پر مزید تشدد کیا جاتا۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ریسکیو ٹیم کی انچارج ثنا راجہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ کو سرگودھا سے اطلاع ملی کہ ایک جنگلی ریچھ کو اس قسم کے کھیل میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

ثنا راجہ کے مطابق جب راکی کو حفاظتی مرکز منتقل کیا گیا، تو اس کے جسم پر شدید زخموں کے نشانات، چہرے پر گہرے کٹ اور گردن و پنجوں پر رسیاں باندھنے کے نشانات دیکھے گئے۔ ابتدائی طور پر اسے ویکسین دی گئی اور اس کی طبیعت کی بحالی کے لیے مائیکرو چپ لگائی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ریسکیو ٹیم نے اس پر باندھی گئی زنجیریں اور تکلیف دہ رسیاں ہٹا کر اسے علاج کے عمل میں شامل کیا۔

راکی وہ واحد ریچھ نہیں جو اس ظلم کا شکار ہوا۔ ماضی میں بھی کئی ریچھ ان غیر قانونی کھیلوں سے بچائے جا چکے ہیں۔ راکی کے ساتھ ہی ایک اور بھالو کے بارے میں بھی شکایت موصول ہوئی، جو مداریوں کے ہاتھوں ظلم سہہ رہا تھا۔ اسے بھی ریسکیو سینٹر منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی بحالی کا عمل جاری ہے۔

ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس وقت 13 دیگر ریچھ موجود ہیں جو مختلف غیر قانونی سرگرمیوں سے بچائے جا چکے ہیں۔ مستقبل میں ان جانوروں کے تحفظ کے لیے ایک سینکچری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جہاں انہیں فطری ماحول میں رکھا جا سکے اور ان کی بہتر دیکھ بھال ہو سکے۔

یہ ریچھ جو کبھی ظلم اور تشدد کا نشانہ بنتے تھے، اب ایک نئی زندگی کی امید رکھتے ہیں، جہاں انہیں دوبارہ جنگل کا آزاد ماحول مل سکے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا