اپریل 2018 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’کیک‘ کے بارے میں خبریں ہیں کہ وہ معروف سٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس پر بھی دکھائی جائے گی۔
ایسا ہم نہیں کہہ رہے بلکہ فلم کے ڈائریکٹر عاصم عباسی نے اشارہ دیا ہے کہ انہیں افواہ ملی ہے کہ ’ایک سال بعد‘ فلم ’کیک‘ نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے جارہی ہے۔
عاصم عباسی نے فلم کی ریلیز کی ممکنہ تاریخ 15 مئی بتائی۔
اور صرف یہی نہیں فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عدنان ملک نے بھی کچھ اسی قسم کی بات کی۔
Since a lot of you have been asking! https://t.co/jXj6GTqgou
— adnanmalik (@adnanmalik) May 1, 2019
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک پوسٹر بھی گردش کر رہا ہے، جس کے مطابق: ’افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ فلم ’کیک‘ 15 مئی سے نیٹ فلکس پر ریلیز کی جارہی ہے‘ اور وہ بھی تینوں مرکزی کرداروں کے اینیمیٹڈ پوسٹرز کے ساتھ۔
فلم کیک کی کاسٹ میں عدنان ملک، صنم سعید، آمنہ شیخ، حرا حسین، محمد احمد، فارس خالد اور بیو ظفر شامل ہیں۔
یہ ایک مکمل فیملی ڈرامہ فلم ہے، جس کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے، جو مختلف چھوٹے چھوٹے تنازعات میں گھرا نظر آتا ہے، خصوصاً آمنہ شیخ نے ایک ایسا کردار نبھایا جو اپنے بیمار والدین کی دیکھ بھال کے لیے اپنے خوابوں کی قربانی دے دیتی ہیں۔
فلم ’کیک‘ کو گزشتہ برس آسکر ایوارڈز کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا جبکہ یہ وہ پہلی پاکستانی فلم ہے، جس کا لندن کے لیسسٹر اسکوائر میں پریمیئر بھی منعقد کیا گیا تھا۔