نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اپنی منگنی کا اعلان کر دیا۔
جیسنڈا 41 سالہ کلارک گیفولڈ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی جو ایک ٹی وی شو کے میزبان ہیں۔
جیسنڈا آرڈن اور کلارک گیفولڈ گذشتہ چھ برس سے اکٹھے زندگی گزار رہے ہیں اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
نیو ٹی اروہا نامی اسی بچی کی عمر 10 ماہ ہے۔
گذشتہ جمعے جیسنڈا آرڈن کی انگلیوں میں عام انگوٹھیوں سے ہٹ کر ایک الگ سی انگوٹھی دکھائی دی جو منگنی کی انگوٹھی تھی۔
پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد جسینڈا دوسری وزیراعظم ہیں، جنہوں نے اس عہدے پر رہتے ہوئے اولاد کو جنم دیا۔
جیسنڈا اور کلارک گیفولڈ کی ملاقات چھ سال قبل اُس وقت ہوئی جب کلارک پارلیمان میں کسی قانونی تبدیلی کے حوالے سے اپنی شکایت درج کروانے آئے تھے۔ اس اچانک ملاقات کے بعد اُس وقت لیبر پارٹی کی ابھرتی ہوئی سیاست دان جیسنڈا اور کلارک نے کچھ کافی وغیرہ پی اور جلد ہی انہوں نے ساتھ رہنے کا فیصلہ کرلیا۔
کلارک گیفولڈ، جیسنڈا آرڈن کے ساتھ گذشتہ برس نیویارک کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ اس وقت ان کی بیٹی نوزائیدہ تھی اور جیسنڈا کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کرنا تھی۔
جیسنڈا آرڈن کو گذشتہ دنوں بہت زیادہ عالمی پذیرائی ملی جب نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں حملوں کے بعد انہوں نے مسلمانوں کے لیے ہمدردانہ رویہ اپنایا۔ ان حملوں میں 50 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔