انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف کارڈف میں کھیلے جانے والے واحد ٹی 20 میچ میں سات وکٹوں سے باآسانی کامیابی حاصل کر لی۔
ٹی 20 کی عالمی نمبر ایک ٹیم پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیتنے کے لیے 174 کا ہدف دیا جو انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
انگلینڈ نے بیٹنگ کا آغاز بااعتماد طریقے سے کیا تاہم تین کھلاڑیوں کے وقفے وقفے سے آوٹ ہونے کے باوجود اپنے ہدف کی جانب جو روٹ نے 42 گیندوں میں 47 سکور کرکے فتح کی بنیاد رکھ دی تھی۔ ان کے بعد کپتان مورگن نے ففٹی سکور کرکے کامیابی کو یقینی بنایا۔ انگلش کپتان مورگن نے چھکا مار کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ انہوں نے 28 بالوں پر 57 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔
عماد وسیم، شاہین آفریدی اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ لی لیکن انگلش بلے بازوں کو زیادہ مشکل میں نہیں ڈال سکے۔
پاکستان نے کارڈف میں کھیلے جانے والے اس واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 174 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بیس اوروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔
پاکستانی بیٹنگ کا آغاز کوئی اچھا نہیں ہوا اور اوپننگ بلے باز فخر زمان اور اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی 20 کھیلنے والے امام الحق دونوں سات سات رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں ان فارم بابر اعظم اور حارث سہیل نے اچھی سکور کی بنیاد رکھی۔ بابر نے 42 گیندوں میں 65 سکور کئے جبکہ حارث نے چھتیس بالوں میں اپنی ففٹی مکمل کی۔
حکمراں پی ٹی آئی کے سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ ان کو رن آوٹ کرکے ہی ان سے جان چھڑا سکتا تھا۔
The number one T 20 batsman in the world @babarazam258 played like the world number 1. Well done young man. Seemed like run out was the only option england had against you #ENGvPAK
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 5, 2019
تاہم 16ویں اوور میں دونوں کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم کا رن آوٹ ہی میچ کا اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے پارٹنرشپ قائم کی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کے اسکور کو 173 رنز تک پہنچایا۔
انگلینڈ کے بالروں میں آرچر نے دو جبکہ جورڈن اور کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امام الحق اور محمد حسنین ٹی 20 میں ڈیبیو کر رہے ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ اچھی کارکردگی دکھا کر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
ٹیمیں:
میزبان انگلینڈ: جیمز ونس، بین ڈوکیٹ، جو روٹ، آئن مورگن، جو ڈینلی، بین فوکس، ڈیوڈ ولی، عادل رشید، جوفرا آرچر، کرس جورڈن اور ٹوم کرن۔
پاکستان: فخر الزمان، بابر اعظم، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی، سرفراز احمد، فہیم اشرف، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور محمد حسنین۔