شمالی کوریا نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ جنوبی کوریا سے غباروں کے ذریعے بھیجی گئی پروپیگنڈے پر مشتمل تحریریں پڑھنے سے گریز کریں۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا آنے والے ان غباروں کے ذریعے کووڈ19 کی بیماری ملک میں پہنچ سکتی ہے۔
جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے 'یونہپ'کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری اخبار'رونڈونگ سنمن'نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی کوریا سے آنے والے لیف لیٹس سے دور رہیں اور کرونا (کورونا) وائرس کے حوالے سے گائیڈلائنز کے مطابق 'سوچیں اور عمل کریں۔'
واضح رہے کہ وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک شمالی کوریا نے کووڈ19 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا۔
اخبار نے لکھا: 'حتیٰ کہ جب ہمیں فضا میں کوئی عجیب سی چیز اڑتی ہوئی دکھائی دے تو ہم پر یہ سمجھنا لازم ہے کہ وہ چیز کوئی قدرتی شے ہونے کی بجائے نقصان دہ وائرس کی منتقلی کا ذریعہ ہو سکتی ہے۔'
جنوبی کوریا سے پروپیگنڈے پر مشتمل لیف لیٹ اور غبارے اڑانے کا مسئلہ طویل عرصے سے چلا آ رہا ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اس اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے اس حربے کا جواب دینے کی دھمکی دے چکے ہیں۔
جمعرات کو جنوبی کوریا کی پولیس نے شمالی کوریا میں جمہوریت کے حق میں فعال کارکن اور معروف منحرف رہنما پارک سانگ ہک کے دفتر پر چھاپہ مارا تھا، جنہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے غباروں کے ذیعے ہزاروں پروپیگنڈا لیف لیٹس شمالی کوریا کی طرف اڑائے ہیں۔
انہوں نے نئے اور متنازع قانون کے باوجود غبارے فضا میں چھوڑے۔ اس قانون کے تحت لیف لیٹس، یو ایس بی ڈرائیوز یا رقم شمالی کوریا بھیجنے پر پابندی ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والوں کو تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔جمہوریت نواز پارک سانگ ہک وہ پہلے شخص ہیں جن سے مارچ میں اس قانون کے نفاذ کے بعد پوچھ گچھ کی جائے گی۔
سیئول میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق جمہوریت پسند رہنما کے سیئول میں واقع دفتر پر چھاپے کا تعلق ان کے اس اعلان کے ساتھ تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے گروپ نے گذشتہ ہفتے پانچ لاکھ لیف لیٹس، ایک ڈالر کے پانچ ہزار نوٹ اور کتابچے غباروں کے ذریعے شمالی کوریا بھیجے ہیں، جن میں سرحدپار جنوبی کوریا کی معاشی ترقی کا ذکر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اگرچہ پولیس نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا ہے، تاہم جمہوریت نواز رہنما اپنے عزم پر قائم ہیں اور انہوں نے اپنے دفتر پر چھاپے کے بعد کہا ہے کہ 'وہ غبارے چھوڑتے رہیں گے۔'
انہوں نے کہا: 'چاہے ہمیں تین سال یا 30 سال قید کی سزا ہو جائے ہم شمالی کوریا مخالف لیف لیٹس شمالی کوریا میں رہنے والے اپنے برے حال کا شکار اور فاقہ کشی کرنے والے ہم وطنوں کو بھیجتے رہیں تاکہ انہیں اپنی آمرانہ حکومت کے بارے میں سچائی کا پتہ چل سکے۔'
سرحد پار سے غبارے بھیجے جانے کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یوجونگ نے اتوار کو کہا کہ جنوبی کوریا میں رہنے والے شمالی کوریا کے منحرفین نے حال ہی میں شمالی کوریا کے خلاف لیف لیٹس پھیلائے ہیں۔
انہوں نے اس عمل کو 'ناقابل برداشت اشتعال انگیزی' قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اسی طرح کے اقدامات پر غور کرے گی۔
ان کا یہ بیان جنوبی کوریا میں حکام کی تشویش کا سبب بن گیا ہے۔ انہوں نے اسی طرح کے پروپیگنڈا لیف لیٹس شمالی کوریا بھیجنے پر سخت غصے کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد گذشتہ سال شمالی کوریا نے اپنے علاقے میں کوریا کے دونوں حصوں کے درمیان رابطے کے لیے قائم ایک خالی دفتر کو دھماکے سے اڑ ادیا تھا۔
اس رپورٹ کی تیاری میں خبر رساں اداروں سے اضافی مدد لی گئی ہے۔
© The Independent