کینیڈا: مسجد میں عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے ٹکٹ کا اجرا

کینیڈا میں مقیم دو پاکستانیوں کے مطابق اس بار مسجد میں عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے ٹکٹ آن لائن یا پہلے جا کر مسجد سے حاصل کرنا پڑا۔

عمر نے بتایا کہ مسجد عثمان سمیت کچھ مساجد میں آن لائن بکنگ کے علاوہ اِن لائن بکنگ بھی کی جا رہی ہے (تصویر: عمر خان)

کینیڈا میں عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے مسلمان آبادی کو اس مرتبہ مسجد کی ویب سائٹ پر آن لائن یا مسجد جا کر پہلے رجسٹریشن کروا کر اپنے لیے ٹکٹ کا اجرا کروانا پڑا۔

کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں مقیم پاکستانی صحافی عمر خان اور رانا عمیر نے عید کی نماز کی آدائیگی کے لیے آن لائن ٹکٹ کے اجرا کے بارے میں انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا۔

عمر خان کے مطابق وہ کینیڈا کے جس علاقے میں رہتے ہیں اسے جی ٹی اے یعنی گریٹر ٹورانٹو ایریا کہا جاتا ہے۔ عمر کے مطابق وہ ٹورانٹو کے  مشرقی حصے میں پکرنگ میں رہتے ہیں جہاں کی آبادی تقریباً ایک لاکھ ہے۔ اور اس شہر کی مرکزی مسجد کا نام مسجد عثمان ہے۔ 

مسجد کی ویب سائٹ کے مطابق عید کی نماز کے لیے ٹکٹ پکرنگ اسلامک سینٹر کے باہر منگل کی شام چھ بجے ملیں گی جبکہ عید کی نماز 13 مئی کو کینیڈا کے وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے (پاکستانی وقت دوپہر سوا تین بجے) سے جماعت کے ساتھ ادا کی جانی شروع ہو گی۔ دوسری جماعت ساڑھے چھ، پھر پونے سات اور پھر سات بجے ہوگی۔

عمر خان نے اس حوالے سے بتایا کہ ان میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر لوگوں کو نماز پڑھنے کے لیے مسجد میں داخل کیا جائے گا۔ سات بجے کے بعد کی جماعت میں 70 فیصد وہ لوگ آئیں گے جنہیں ٹکٹ اشو ہوا ہے۔ یہاں بھی 30 فیصد موقع پہلے آئیے پہلے پائیے والے نمازیوں کے لیے چھوڑا گیا ہے۔

عمر نے بتایا کہ مسجد عثمان سمیت کچھ مساجد میں آن لائن بکنگ کے علاوہ اِن لائن بکنگ بھی کی جا رہی ہے یعنی مسجد کے باہر پہنچ کر آپ کو اپنی عید کی نماز کا ٹکٹ لینا پڑے گا۔ اس کی بڑی وجہ مسجد انتظامیہ کے مطابق یہ ہے کہ ایک ہی شخص ایک نماز کے لیے مختلف اوقات میں تین سے چار بکنگز کروا لیتا ہے اور پھر وہ نماز پڑھنے آتا بھی نہیں جس کی وجہ سے کسی اور کو موقع نہیں مل پاتا۔

عمر نے بتایا کہ منگل کو شام چھ بجے مسجد انتظامیہ نے ایک مخصوص وقت کے لیے مسجد کے باہر ٹکٹوں کا اجرا کیا تھا جس میں بہت سے لوگ مصروفیت کے باعث نہیں پہنچ سکے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمر کا کہنا ہے کہ مجسد عثمان میں کل 23 مرتبہ نماز عید ادا ہوگی۔ جبکہ کچھ مساجد میں 30 اور کچھ میں 35 مرتبہ نماز عید ادا ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ عید کی نماز ادا کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب کرونا وبا کے بعد لاک ڈاؤن لگا تو مسجد عثمان میں جمعے کی نماز کے لیے 20 فیصد کی کپیسٹی کی اجازت تھی، تو اس نماز کی ادائیگی کے لیے بھی لوگ آن لائن رجسٹریشن کرواتے تھے۔

’ایک بجے سے لے کر ساڑھے تین بجے تک جماعتیں ہوتیں تھیں۔ اس کے لیے ہم مسجد کی ویب سائٹ پر جا کر بکنگ کروا لیتے تھے۔ اور ہمیں آن لائن ہی ٹکٹ جاری کر دی جاتی تھی جو ہم مسجد کے دروازے پر دکھا کر مسجد میں داخل ہو جاتے تھے۔ اس کے بعد حکومت نے مساجد میں ایک جماعت کی کپیسٹی 15 فیصد کر دی، جس سے جماعتوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔‘

عمر خان کا کہنا ہے کہ اب جو حالیہ لاک ڈاؤن لگا ہے وہ 20 مئی تک رہے گا جس میں مزید ایک دو ہفتے کی توسیع کی توقع ہے۔ ’یہاں مسجدیں بالکل بند ہو گئیں تھیں۔ لیکن جمعۃ الوداع پر یہاں کی مساجد کو 10 لوگوں کی کپیسٹی کے ساتھ کھولا گیا ہے۔‘

عمر نے بتایا کہ کینیڈا میں عام حالات میں جمعے کی نماز کے لیے بھی دو، تین یا اس سے زیادہ بار جماعت ہوتی ہے، کیونکہ یہاں جمعے کی نماز کے لیے کوئی بریک یا چھٹی تو ہوتی نہیں اس لیے لوگ اپنی سہولت کے مطابق مسجد میں آکر نماز ادا کر لیتے ہیں۔

دوسری جانب رانا عمیر جو ٹورانٹو کے مغربی حصے کے علاقے ملٹن میں رہتے ہیں نے بھی بتایا کہ وہاں بھی عید کی نماز کے لیے زیادہ تر آن لائن بکنگ جاری ہے اور اِن لائن ٹکٹس کا اجرا کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق یہاں بھی مساجد میں ایک جماعت صرف دس لوگ ادا کر سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جس علاقے میں وہ رہتے ہیں وہاں پاکستانی اور دیگر ممالک کی مسلمان کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد پائی جاتی ہے۔ ’ملٹن میں دو مساجد ہیں جن میں سے ایک زیر تعمیر ہے اور اس کے متبادل کے طور پر کرونا سے پہلے یہاں کے سپورٹس سینٹر میں عید کی اور دیگر نمازوں کا اہتمام کیا جاتا تھا۔‘

 انہوں نے بتایا کہ یہاں کرونا سے پہلے بھی عید کی چار سے پانچ نمازیں ہوا کرتیں تھیں اور لائن میں لگ کر کافی انتظار کے بعد باری آتی تھی۔

عمیر کا کہنا ہے کہ مسی ساگا اور بریمپٹن میں بھی مسلمانوں کی تعداد کافی زیادہ ہے اور وہاں بھی نماز کی ادائیگی کا یہی نظام ہے۔

مسی ساگا میں قائم اسلامک سینٹر آف کینیڈا کی ویب سائٹ کے مطابق بکنگ کا سلسلہ اب بند ہو چکا ہے جبکہ وہاں عید کی نماز کا سلسلہ 13 مئی کو کینیڈا کے وقت کے مطابق صبح چھ بج کر 40 منٹ (پاکستانی وقت دوپہر تین بج کر 40 منٹ) پر شروع ہو گا اور ہر 20 منٹ بعد ایک جماعت ہوگی۔ یہ سلسلہ صبح 10 بج کر 40 منٹ تک جاری رہے گا اور یہاں عید کی نماز کے لیے 13 مرتبہ جماعت کھڑی ہو گی۔

اسی طرح مسی ساگا کی مسجد ریاض الجناح میں بھی عید کی پہلی نماز صبح چھ بج کر 20 منٹ پر شروع ہو گی اور ہر دس منٹ کے بعد ادا کی جائے گی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا