پاکستان میں تیار ہونے والے تین جے ایف تھنڈر طیارے نائجیرین فضائیہ کا حصہ بن گئے ہیں۔
یہ طیارے 19 اور 20 مئی کو نائجیرین ایئر فورس کی 57ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقعے پر نائجیرین فضائی بیڑے میں شامل کیے گئے۔
2015 دبئی ایئر شو میں اس طیارے کے مظاہرے کے بعد نائجیریا نے پاکستان سے ابتدائی طور پر تین طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا لیکن بعد میں ان کی تعداد 10 ہو گئی۔ بقیہ سات طیارے پاکستان میں تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔
نائیجیرین فضائیہ کے مطابق پاکستانی ساختہ طیاروں کو میکردی ہوائی اڈے پر رکھا جائے گا۔
پاکستان فضائیہ نے بتایا کہ اس ضمن میں وائس ایئر چیف ایئر مارشل سید نعمان علی نے 18 مئی کو نائجیرین فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا تھا۔
میانمار کے بعد نائجیریا پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا دوسرا خریدار ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ برس جون سے نائجیرین پائلٹس اور انجینیئرز کی ٹیم پاکستان میں تربیت کے غرض سے موجود تھی۔
30 دسمبر، 2020 کو کامرہ میں ہونے والی ایک تقریب میں نائجیریا کے لیے بنائے جانے والے طیارے بھی موجود تھے، جنہیں بعد ازاں مارچ میں نائجیریا منتقل کیا گیا۔
نائجیریا کے علاوہ 12 دیگر ممالک نے ان طیاروں کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان نے 1999 میں چین کے اشتراک سے بنانا شروع کیے تھے۔ ابتدا میں ان کی تیاری چین میں ہوئی لیکن بعد ازاں پرزے منگوا کر انہیں پاکستان میں بنایا جانے لگا۔
ضروری تربیتی مراحل مکمل کرنے کے بعد 2007 میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے دو مقامی ساختہ طیارے پاکستانی فضائیہ کے حوالے کیے۔
2010 میں جے ایف 17 تھنڈر کا پہلی سکواڈرن پاکستانی فضائیہ کے حوالے کیا گیا۔
پاکستانی فضائیہ سے ملنے والی معلومات کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر ایک انجن کے ساتھ کام کرنے والا کثیر المقاصد لڑاکا طیارہ ہے۔
ترجمان پاکستانی فضائیہ کے مطابق ایک بلاک میں 50 طیارے ہوتے ہیں اور جے ایف 17 تھنڈر کے دو بلاکس مکمل ہو گئے ہیں۔
دو نشستوں والے 14 جے ایف 17 تھنڈر بی گذشتہ برس پاکستانی فضائیہ کا حصہ بنے جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس بلاک تھری پر کام جاری ہے جو رواں سال مکمل ہو جائے گا۔