پاکستان میں سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے مشہور ٹک ٹاکر حریم شاہ کی مبینہ شادی کے چرچے ہیں۔ جہاں ان کے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر عروسی جوڑوں میں تصاویر وائرل ہوئی وہیں انہوں نے بھی سندھ اسمبلی کے رکن سے شادی کا دعویٰ کر کے اس آگ میں اور تیل ڈالا۔
تاہم حریم کا فوٹو شوٹ کرنے والوں اور خود ان سے بات چیت میں معلوم ہوا ہے کہ عروسی جوڑے میں تصاویر تو دراصل ایک بیوٹی پارلر کشف کی تشہیر کے مقصد سے لی گئی تھیں۔ اس فوٹو شوٹ کا بندوبست کراچی میں رہنے والی حریم شاہ کی کزن نے کروایا تھا اور اس کا ان کی شادی سے کوئی تعلق نہیں۔
سب سے پہلے تو اس فوٹو شوٹ کی حقیقت جاننے کے لیے ہم نے کشف سیلون کی مالکن اور میک اپ آرٹسٹ کشفانہ رضوان سے بات کی۔ انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’یہ شوٹ میرے ہی سیلون میں ہوا تھا۔ کپڑے ہمارے تھے، میک اپ ہمارا تھا، جیولری، لوکیشن اور فوٹوگرافر بھی ہماری ہی تھی۔‘
ان کے مطابق فوٹو شوٹ کی تصاویر فوٹوگرافر مزمل انور نے لی تھیں اور حریم کے کپڑے ’تعبیر سٹوڈیو‘ نامی برانڈ سے کرائے پر لیے تھے۔
کشفانہ نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں گلشن اقبال میں اپنا سیلون کھولا ہے جس کی تشہیر کے لیے انہوں نے حریم سے بات کی اور انہیں معاوضہ بھی دیا۔ ان کے بقول فوٹو شوٹ کے بعد انہوں نے اپنے سیلون کے انسٹاگرام پیج پر بھی حریم کی تصاویر شائع کی تھیں۔
تصاویر لینے والے فوٹوگرافر مزمل انور نے کہا کہ حریم کی وائرل ہونے والی تصاویر انہی کی ہیں اور یہ تصاویر انہوں نے کشف سیلون کے لیے لی تھیں۔
سیلون کے دعوے کی تصدیق کے لیے ہم نے کراچی میں حریم شاہ کی کزن تسنیم خان سے رابطہ کیا جن کے گھر وہ پچھلے تین ماہ سے ٹھہری ہوئی ہیں۔ تسنیم خان پاکستانی اداکاروں سمیع خان اور آدی خان کی والدہ ہیں۔
ہم نے جب پہلی مرتبہ تسنیم خان کو کال کی تو فون اٹھانے کے چند سیکنڈز بعد ہی ان کے پیچھے سے حریم کے چیخنے کی آوازیں آنے لگیں جس پر تسنیم خان نے معذرت کی اور تھوڑی دیر بعد فون کرنے کا کہا۔
دوبارہ رابطے پر تسنیم خان نے بتایا: ’میں نے حریم کے لیے اس شوٹ کا بندوبست کروایا تھا۔ انہوں نے میرے کہنے پر یہ شوٹ کیا۔ اب شوٹ ہو گیا ہو سو ہو گیا، اب دو چار دن بعد ہی آپ کو اصل کہانی کا پتہ چلے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حریم ان کے قریب ہی بیٹھی تھیں تو ان سے بھی بات ہو گئی۔ ہم نے جب حریم سے پوچھا کہ کیا انہوں نے دلہن کے میک اپ اور ملبوسات میں زیر بحث شوٹ اپنی شادی کے لیے کروایا تھا تو اس پر ان کا کہنا تھا: ’اس شوٹ کا میری شادی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، میں نے تو کسی کے نام بھی نہیں لیے لیکن لوگوں نے تصاویر میرے انسٹاگرام سے اٹھا کر میرے بارے میں افواہیں پھیلائی ہیں۔‘
ہم نے جب ان سے پوچھا کہ کیا کہ ان کے نئے پروگرام ’دی حریم شو‘ کی مشہوری کے لیے انہوں نے یہ پبلسٹی سٹنٹ کیا ہے تو ان کا کہنا تھا: ’اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ یہ شو تو ابھی ابھی آیا ہے جبکہ میری شادی کو 10 دن ہو چکے ہیں۔‘
اس حوالے سے ہم نے مویشی منڈی میں موجود میڈیا سیل کنٹرولر علی عمران جونیئر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ حریم اب تک دو مرتبہ مویشی منڈی آ چکی ہیں۔ جہاں تک نجی ٹی وی چینل کے شوٹ کی بات ہے تو چار یا پانچ دن قبل ہی شروع ہوا ہے۔
اس پر ہم نے جب حریم سے پوچھا کہ نجی ٹی وی چینل پر شو شروع ہونے کے بعد ہی انہوں نے اپنی شادی کی خبر کی تصدیق کیوں کی تو ان کا کہنا تھا: ’میں نے تو صرف انسٹاگرام پر چند تصاویر لگائی تھیں، لوگوں نے خود ہی وہ تصاویر وہاں سے اٹھا کر افواہیں پھیلانا شروع کر دیں اور جب مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا میری شادی ہوئی تو جو حقیقت ہے میں نے وہ بتا دی۔‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے نکاح کرنے کے دعوے پر ہم نے اصرار کیا کہ وہ اپنا نکاح نامہ ہمیں دکھا دیں تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’نکاح نامہ اور سب کچھ میرے پاس موجود ہے لیکن میں نہیں دکھا سکتی۔‘
جب ان سے کہا کہ وہ بے شک اپنے شوہر کا نام پوشیدہ رکھ کر نکاح نامے کی کاپی ظاہر کر دیں تو اس پر بھی ان کا کہنا تھا کہ ’میں نکاح نامہ نہیں دکھا سکتی۔‘
شوٹ 12 دن پہلے 18 جون کو ہوا تھا، جب کہ انڈپینڈنٹ سے بات کرتے ہوئے حریم کا کہنا تھا کہ ان کی شادی 10 دن پہلے یعنی ممکنہ طور پر 20 جون کو ہوئی تھی۔
ایک جانب تو حریم کہتی ہیں کہ وہ 18 جون کو سیلون کی تشہیر کے بہانے سے دلہن بنیں کیوں کہ وہ کشف سیلون والوں کو حقیقت نہیں بتانا چاہتی تھیں اور اپنی شادی کو خفیہ رکھنا چاہتی تھیں۔ دوسری جانب وہ یہ کہتی ہیں کہ ان کی شادی دس دن پہلے یعنی 20 جون کو ہوئی تھی۔
تعجب یہ ہے کہ بیچ کے دو دن انہوں نے ایک ہی میک اپ میں کیسے گزارے؟
شادی کی خبریں
حریم کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں تب شروع ہوئیں جب انہوں نے گذشتہ ہفتے اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر لگائی جس میں ایک خاتون اور مرد کا ہاتھ تھا اور ان میں انگوٹھیاں تھیں۔ تاہم انہوں بعد میں یہ تصویر ڈیلیٹ کر دی۔
اس تصویر کے بعد سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی اراکین نے اپنے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں اور اپنے ہاتھوں پر پہنی ہوئی انگوٹھی اور گھڑی دکھا کر وضاحتیں پیش کی کہ حریم کی شادی ان سے نہیں ہوئی۔
اس حوالے سے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی اور سندھ حکومت کے ترجمان ناصر حسین شاہ نے اپنی اپنی پریس کانفرنسوں کے دوران ذرائع ابلاغ کو اپنے ہاتھ ہوا میں لہرا کر دکھائے۔
ان قیاس آرائیوں کے باعث حریم شاہ کے ایک دوست اور بزنس مین حسن اقبال منظرعام پر آئے اور انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس تصویر میں ہاتھ ان کا ہے اور یہ تصویر بھی ان ہی کی ہے۔ لیکن انہیں نہیں معلوم کہ حریم نے یہ تصویر کیوں لگائی۔
حسن اقبال کو حریم کے ساتھ کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ میں کئی ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے بعد گذشتہ ہفتے ہی حریم نے 18 جون کو کچھ تصاویر شیئر کی جن میں انہوں نے شادی کا جوڑا اور میک اپ کیا ہوا تھا۔
ان تصاویر سے میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا اور ان کی شادی کی افواہیں پھیلنا شروع ہو گئیں۔ انہوں نے پیر کو جیو نیوز کو ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ ان کی شادی پیپلز پارٹی کے ایک رکن اسمبلی سے ہوئی ہے، تاہم کوششوں پر بھی انہوں مبینہ شوہر کا نام ظاہر نہیں کیا۔