عمران خان کو بجٹ کے بعد جلد انتخابات کی تجویز دی ہے: شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے عمران خان کو مقبولیت کی معراج پر پہنچا دیا ہے اور ان کی ’نااہلی‘ نے یہ یقینی بنا دیا ہے کہ حکومت ایک بار پھر اقتدار میں آئے گی۔

شیخ رشید  پریس کانفرنس کے دوران (فائل تصویر: اے پی پی)

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ جون میں عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے بعد قبل از وقت انتخابات کروا لیں۔

اسلام آباد میں ہفتے کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ملک میں جاری سیاسی ہل چل پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ’اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کو مقبولیت کی معراج پر پہنچا دیا ہے۔‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کی رائے ہے کہ عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے بعد وزیراعظم کو جلد انتخابات کروانے چاہییں اور وہ یہ تجویز عمران خان کو بھی پیش کریں گے، جس پر فیصلہ وزیراعظم کا ہوگا کہ اسے قبول کریں یا مسترد۔

ان کے بقول ’نااہل اپوزیشن‘ نے ایسا ماحول بنایا ہے کہ یہ حکومت دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔

اسلام آباد میں ہفتے کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ پارٹی کو ایچ نائن میں اتوار بازار کی جگہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کی ہدایت کے مطابق وزارت داخلہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ مگر جسلے کے علاوہ دھرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا: ’اپوزیشن کے تمام اراکین کو مکمل سکیورٹی دی جائے گی۔‘

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 28 مارچ سے چار اپریل تک کے دن پاکستان کی سیاست میں بہت اہم ہوں گے اور دنیا کی نظریں پاکستان پر ہوں گی۔

یاد رہے کہ متحدہ اپوزیشن قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا چکی ہے، جس پر قومی اسمبلی کے 28 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں ووٹنگ اگلے ہفتے متوقع ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’وزارت داخلہ 24 گھنٹے کھلی رہے گی، سب کو تحفظ دیا جائے مگر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے کام لیں اور ٹکراؤ سے گریز کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا: ’ہماری پوری کوشش ہے کہ کسی جگہ امن و امان کا مسئلہ نہ ہو کیونکہ عدالت نے براہ راست ہمارا نام لیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’اگر کوئی غلطی اپوزیشن نے کی تو اس کی سزا بھی بھگتیں گے۔‘

سندھ میں ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ایم این اے جام عدالکریم کے حوالے سے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے کے لیے دبئی سے آ رہے ہیں اور انہیں ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرکے سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن او آئی سی کی کانفرنس کو ناکام بنانا چاہتے تھے، مگر ابھی وہ اس پر مزید وضاحت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے تمام سکیورٹی اداروں اور انتطامیہ کو کامیاب او آئی سی کانفرنس کروانے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 27 مارچ کے پی ٹی آئی کے جلسے کو پریڈ گراؤنڈ کی اجازت ملی ہے، جس میں ’عوام کا سمندر ہوگا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان