ورلڈ کپ 2019 کا 33واں میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مابین بدھ کو برمنگھم میں ایجبسٹن کے میدان میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اس میچ سمیت اپنے باقی تمام میچ جیتنا لازمی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ 2019 میں ابھی تک ایک بھی میچ نہیں ہاری۔
بات تو حیرانی کی ہے لیکن 1992 کے ورلڈ کپ میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے سے پہلے کوئی میچ نہیں ہاری تھی اور پھر جو ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ اب تک ورلڈ کپ میں آٹھ بار ایک دوسرے کے مقابل آ چکے ہیں ۔پاکستان چھ میچ جیت کر برتری رکھتا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان سے صرف دو میچ جیت سکی ہے۔
1983 کے عالمی کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے دو بار ایک دوسرے کا سامنا کیا، پہلے میچ میں نیوزی لینڈ جبکہ دوسرے میں پاکستان نے فتح اپنے نام کی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 1992 کے ورلڈ کپ میں بھی دو بار آمنے سامنے آئیں اور پاکستان نے دونوں بار ہی کیویز کو شکست سے دو چار کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ان دو میچوں کے علاوہ نا قابل شکست رہی تھی۔
1996 کے ورلڈ کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو مات دی۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے دونوں میچوں میں پاکستان فاتح رہا۔ 12 سال بعد 2011 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں کیویز نے پاکستانی ٹیم کو پچھاڑ دیا۔
2019 کے عالمی کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ٹیمیں آٹھ سال کے وقفے کے بعد عالمی کپ میں آمنے سامنے آئی ہیں۔ نیوزی لینڈ اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔
ایجبسٹن کے میدان کی بات کی جائے تو پاکستانی ٹیم اس گراونڈ میں اب تک 13 میچ کھیل چکی ہے جن میں سے وہ پانچ میچوں میں کامیاب رہی ہے۔ جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایجبسٹن میں کھیلے گئے 11 میچوں میں سےصرف چار ہی اپنے نام کر سکی ہے۔
ایک روز میچوں کی تاریخ کی بات کریں تو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 106 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان 54 میچ جیت کر سبقت لیے ہوئے ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 48 میچوں میں فتح اپنے نام کر چکی ہے۔ ایک میچ ٹائی رہا جب کہ تین میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔