انڈین پریمیئر لیگ میں گیند پر تھوک لگانے پر پابندی ختم ہونے سے گیند بازوں کو ریورس سوئنگ میں مدد مل رہی ہے اور گجرات ٹائٹنز کے محمد سراج ان بولرز میں سے ایک ہیں جو اس تیکنیک کا خوب فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
محمد سراج نے اتوار کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف جیت میں متاثر کن کارکردگی سے اپنی ٹیم کی تیسری مسلسل فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے اس میچ میں 17 زنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں، اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
میچ کے بعد جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا گیند باز تھوک پر عائد پابندی کے ختم ہونے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، تو سراج مسکرا کر بولے ’سو فیصد‘۔
محمد سراج نے مزید کہا کہ ’اگر گیند تھوڑی سی ٹیل (گیند تھوڑا مڑتی ہے یا سوئنگ) کرے تو وہ وکٹ ہوتی ہے۔‘
ان کے بقول: ’جب گیند پر تھوک لگانے پر پابندی تھی تو گیند بلے پر آسانی سے آتی تھی۔ اس پابندی کا خاتمہ گیند بازوں کے لیے بہت مفید ہے کیونکہ اب ایل بی ڈبلیو اور بولڈ ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔‘
کووڈ وبا کے دوران تھوک پر پابندی کو گذشتہ ماہ آئی پی ایل کے 18ویں ایڈیشن سے پہلے اٹھا لیا گیا تھا۔
گیند کے ایک طرف تھوک لگانے اور دوسری طرف کھردرا رکھنے سے تیز گیند بازوں کو گیند کو آخری لمحے میں سوئنگ کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس میچ سے پہلے گجرات نے محمد سراج کی تین وکٹوں کی مدد سے ہی رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
محمد سراج نے چار میچوں میں نو وکٹیں حاصل کی ہیں جو انڈیا کے چیمپیئنز ٹرافی سکواڈ سے نکالے جانے کے بعد ان کی مضبوط واپسی ہے۔
پنجاب کنگز کے تیز گیند باز ارشدپ سنگھ نے رواں سیزن کے افتتاحی میچ میں گیند کو ریورس کرنے میں کامیابی حاصل کی اور دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔
کپتان شریس ایئر نے کہا کہ ’بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشدپ نے آ کر انہیں بتایا کہ گیند واقعی تھوڑا سا ریورس ہو رہی ہے تو یہ گیند پر تھوک کا استعمال واقعی گیند بازوں کی مدد کر رہا ہے۔‘
ریورس سوئنگ کی مہارت پاکستان کے سابقہ تیز گیند بازوں سرفراز نواز اور عمران خان نے بیٹنگ کے لیے سازگار ایشیائی پچوں پر گیند بازی میں مدد کے لیے شروع کی تھی۔
آئی پی ایل نے کرونا کے دوران اس عمل پر پابندی عائد کر دی تھی کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی وبا کے دوران احتیاطی تدابیر کے طور پر اس پر پابندی لگائی تھی۔
انڈیا کے تیز گیند باز محمد شامی نے گذشتہ ماہ دبئی میں ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی کی فتح کے دوران 50 اوور فارمیٹ میں گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت دینے کی اپیل کی تھی۔