پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میچز کے پاکستان میں انعقاد پر شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ آئیں اور سٹیڈیم میں میچ دیکھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ جیتنے کے لیے پرجوش ہیں اور کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ سے قذافی سٹیڈیم میں آ کر میچ دیکھنے اور حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔‘
بیان کے مطابق: ’پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شائقین کے لیے قذافی سٹیڈیم کے میچز کے لیے داخلہ فری رکھا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنی ٹیم کو سپورٹ کر سکیں۔‘
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں وکٹ کیپر بیٹرنجیہہ علوی کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی ویمنز ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، اور ہم شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سٹیڈیم آ کر ہمیں سپورٹ کریں۔
’یہ ہمارے لیے بہت اہم موقع ہے اور آپ کی حمایت ہمارے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہو گی۔‘
کھلاڑی سدرہ نواز نے کہا کہ ’پی سی بی کا یہ اقدام شائقین کے لیے بہت خوش آئند ہے کہ قذافی سٹیڈیم کے میچز کے لیے فری انٹری رکھی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ آپ اپنے خاندان کے ساتھ قذافی سٹیڈیم آئیں اور میچز دیکھیں۔ آپ کی سپورٹ ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سپنر سعدیہ اقبال نے کہا کہ ’ہم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہے ہیں اور شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں سٹیڈیم آ کر سپورٹ کریں۔ آپ کی موجودگی اور حوصلہ افزائی ہمارے لیے بہت قیمتی ہے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق: ’آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا میلہ کل سے لاہور میں سجے گا۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کوالیفائنگ راونڈ کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کے مدمقابل ہو گی۔
پی سی بی کے مطابق یہ ڈے میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں صبح ساڑھے نو بجے شروع ہو گا۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی قیادت کپتان فاطمہ ثنا کریں گی۔
اس حوالے سے فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ ’ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی پر فخر ہے اور بہترین کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ترجیح ہے۔
پاکستان کے علاوہ اس ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شریک ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور دو ٹیمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔